شاہد آفریدی کے پالتو کتے میکس کے گم ہونے اور پھر مداحوں کی مدد سے واپس ملنے کے بعد سابق ٹی وی اینکر معید پیرزادہ کے ایک تبصرے نے معاملے کو نئی بحث میں بدل دیا۔
شاہد آفریدی نے میکس کی واپسی پر مداحوں اور ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اسے تلاش کرنے میں مدد کی۔ اس پوسٹ پر معید پیرزادہ نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ کاش پاکستانی شہریوں کو بھی وہی حقوق حاصل ہوتے جو آفریدی کے کتے میکس کو حاصل ہیں۔
معید پیرزادہ کے تبصرے پر شاہد آفریدی نے خاموش رہنے کے بجائے سخت ردعمل دیا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے صرف اپنے لاپتا پالتو جانور کی تلاش کے لیے لوگوں سے مدد مانگی تھی اور کمیونٹی نے انسانی ہمدردی کے تحت ان کا ساتھ دیا۔ ان کے مطابق اس معاملے کو بھی سیاست سے جوڑنا ’گرتی ہوئی سوچ‘ کی عکاسی کرتا ہے۔
آفریدی نے مزید کہا، "ویسے میکس تم سے ہزار گنا بہتر ہے، کیونکہ وہ نہ جعلی انگوٹھے لگا کر جیل جاتا ہے اور نہ عوام کا پیسہ لوٹ کر ملک سے فرار ہوتا ہے۔"
سابق کرکٹر نے اپنی پوسٹ کے اختتام پر طنزیہ انداز میں ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا، "میکس گھر آگیا، اب تم بھی آجاؤ۔" ان کے جواب کے بعد دونوں شخصیات کے درمیان یہ تبادلہ سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کر رہا ہے۔