کینیڈا کی سوشل میڈیا کانٹینٹ کریئیٹر انیتا وِنگ لی نے اپنے قریبی دوست ٹموتھی موٹو سے شادی کی جن کا قد تقریباً چار فٹ ہے۔ دونوں کی جوڑی اور محبت کی کہانی ان دنوں سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کر رہی ہے۔
انیتا اور ٹموتھی کی پہلی ملاقات 2021 میں مشترکہ دوستوں کے ذریعے ہوئی تھی۔ انیتا کے مطابق ابتدا میں ان کے درمیان محبت کا کوئی تصور نہیں تھا اور وہ ٹموتھی کو صرف ایک اچھا دوست سمجھتی تھیں۔
پیشہ ورانہ طور پر انجینئر ٹموتھی صاف پانی کی فراہمی کے لیے کام کرنے والی ایک فلاحی تنظیم کے شریک بانی بھی ہیں۔ انہوں نے سب سے پہلے انیتا کے سامنے اپنے جذبات کا اظہار کیا، تاہم اس وقت انیتا نے انہیں صرف دوستی تک محدود رہنے کا کہا۔
وقت گزرنے کے ساتھ دونوں کی قربت بڑھی اور انیتا کے خیالات بھی بدلنے لگے۔ انہیں احساس ہوا کہ شریکِ حیات کے انتخاب میں قد یا ظاہری شکل سے زیادہ انسان کا کردار، اخلاق اور محبت اہمیت رکھتے ہیں۔ انیتا کے مطابق ٹموتھی میں وہ تمام خوبیاں موجود ہیں جو وہ اپنے جیون ساتھی میں تلاش کرتی رہی تھیں۔
دونوں نے ستمبر 2024 میں منگنی کی اور گزشتہ برس شادی کرلی۔ شادی کے بعد انیتا اور ٹموتھی اپنی زندگی کے مختلف لمحات سوشل میڈیا پر شیئر کرتے رہتے ہیں، جہاں ان کی تصاویر دیکھ کر بعض صارفین حیران رہ جاتے ہیں۔
دونوں کے درمیان نمایاں قد کے فرق کی وجہ سے کچھ لوگ ان کی تصاویر کو مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ سمجھتے ہیں، تاہم انیتا اور ٹموتھی کا کہنا ہے کہ ان کا رشتہ بالکل حقیقی ہے۔ ان کی کہانی اس بات کی یاد دہانی بھی ہے کہ محبت میں ظاہری فرق سے زیادہ باہمی احترام، اعتماد اور شخصیت کی اہمیت ہوتی ہے۔