”مجھے پاکستان سے بے انتہا محبت اور پیار ملا ہے۔ اس سے بڑھ کر میرے لیے اور کیا خوشی کی بات ہوگی کہ میرے مداحوں نے اپنی بیٹیوں کے نام بھی میرے نام پر رکھے۔ مجھے پاکستان بہت یاد آ رہا ہے، دل چاہتا ہے کہ بس ہوا میں اُڑتی ہوئی پاکستان پہنچ جاؤں۔“
پاکستانی فلمی دنیا کی سدا بہار اداکارہ شبنم نے اپنی 80ویں سالگرہ کے موقع پر پاکستان سے جڑی محبت اور مداحوں کی بے مثال چاہت کا ذکر کرتے ہوئے جذباتی گفتگو کی۔
ڈھاکا سے گفتگو میں شبنم نے بتایا کہ سالگرہ پر دنیا بھر سے مبارکباد کے پیغامات موصول ہوئے، تاہم پاکستان سے ملنے والی محبت ان کے لیے ہمیشہ خاص رہی ہے۔ ان کے مطابق پاکستانی مداحوں نے جس طرح انہیں اپنے دلوں میں جگہ دی، اس کا اندازہ اس بات سے بھی ہوتا ہے کہ کئی خاندانوں نے اپنی بیٹیوں کے نام ان کے نام پر رکھے۔
اپنے شاندار فلمی سفر کو یاد کرتے ہوئے شبنم نے کہا کہ انہوں نے اپنے عہد کے تقریباً تمام مقبول ہیروز کے ساتھ کام کیا، تاہم ندیم کے ساتھ ان کی جوڑی سب سے زیادہ مقبول ہوئی اور آج بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ ہے۔
شبنم کا فلمی کیریئر بھی غیر معمولی رہا؛ انہوں نے مجموعی طور پر 160 فلموں میں کام کیا، جن میں اردو، بنگالی اور پنجابی فلمیں شامل ہیں۔ پاکستانی سینما سے گہرا تعلق رکھنے والی اداکارہ آج بھی وطن واپسی کی خواہش دل میں لیے ہوئے ہیں۔