عامر خان کو ثروت گیلانی سے معین اختر کے ’لوز ٹاک‘ کی اقساط کیوں چاہئیں؟

image

”جب ویب سیریز ’چڑیلز‘ بیرونِ ملک ریلیز ہوئی تو میری بھارتی شخصیات سے بات چیت شروع ہوئی۔ اسی دوران عامر خان کی پروڈکشن ٹیم کے ایک شخص کے ذریعے ان سے بھی رابطہ ہوا۔ میں نے سمجھا شاید کسی ہندی فلم میں کام کی پیشکش ہونے والی ہے اور دل میں سوچا کہ واہ، عامر خان کی فلم میں کام کرنے کا موقع مل رہا ہے۔ لیکن جب بات آگے بڑھی تو پتا چلا کہ عامر خان کو مجھ سے کسی فلمی کردار میں نہیں بلکہ لیجنڈ معین اختر کے پروگرام ’لوز ٹاک‘ کی مکمل اقساط میں دلچسپی تھی۔ انہوں نے خاص طور پر معین اختر کی اداکاری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایسا فنکار کبھی نہیں دیکھا جو اتنی مہارت سے مختلف حلیے اور کردار اختیار کرسکے۔“

پاکستانی اداکارہ ثروت گیلانی نے ایک ایسے واقعے سے پردہ اٹھایا ہے جس نے انہیں خود بھی لمحہ بھر کے لیے حیران کر دیا تھا۔ ویب سیریز ’چڑیلز‘ کے بیرونِ ملک ریلیز ہونے کے بعد جب ان کا رابطہ بھارتی شوبز سے جڑا تو بالی ووڈ کے سپر اسٹار عامر خان کی ٹیم بھی ان تک پہنچ گئی۔

ثروت کو ابتدا میں لگا کہ شاید عامر خان کسی فلم میں انہیں کاسٹ کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ مگر ملاقات کی وجہ سامنے آئی تو معاملہ بالکل مختلف نکلا۔ عامر خان دراصل پاکستان کے لیجنڈری اداکار معین اختر کے لازوال پروگرام ’لوز ٹاک‘ کی اقساط حاصل کرنا چاہتے تھے۔

اداکارہ کے مطابق عامر خان معین اختر کے فن سے بے حد متاثر تھے اور ان کی سب سے زیادہ توجہ اس بات نے کھینچی کہ وہ کس غیر معمولی انداز میں مختلف روپ، حلیے اور کردار اپناتے تھے۔ ثروت نے بتایا کہ عامر خان نے معین اختر جیسے ہمہ جہت فنکار کی صلاحیتوں کی کھل کر تعریف کی اور ان کی پرفارمنس دیکھنے میں خصوصی دلچسپی ظاہر کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US