بھارت میں عمران خان کا آبائی گھر منظرِ عام پر آگیا

image

پاکستان کے سابق وزیراعظم اور معروف کرکٹر عمران خان کا بھارت میں واقع ننھیال کا آبائی گھر ایک بار پھر لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گیا۔ ایک بھارتی کانٹینٹ کریئیٹر نے جالندھر میں موجود اس تاریخی حویلی کو تلاش کرکے اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی، جس کے بعد عمران خان کے مداحوں نے اس میں خاص دلچسپی کا اظہار کیا۔

عمران خان کا ننھیال بھارت کے شہر جالندھر سے تعلق رکھتا ہے۔ ان کی والدہ کے خاندان نے تقسیم ہند کے دوران یہ گھر چھوڑ کر پاکستان ہجرت کی تھی۔ عمران خان مختلف مواقع پر اپنی والدہ سے جڑی یادوں اور ان کے ہجرت کے تجربات کا ذکر کرتے رہے ہیں۔

بھارتی کانٹینٹ کریئیٹر کے مطابق عمران خان کے ننھیال کی اس حویلی کا نام ’امانت منزل‘ ہے۔ یہ عمارت آج بھی اپنی اصل طرز اور ساخت میں بڑی حد تک محفوظ ہے، جبکہ موجودہ طور پر ایک مقامی سیاسی تنظیم کی ملکیت میں بتائی جاتی ہے اور وہاں ہجرت کرکے آنے والے افراد رہائش پذیر ہیں۔

حویلی کی تصاویر اور ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے عمران خان سے اپنی وابستگی کا اظہار کیا۔ بعض افراد نے ان کے لیے دعائیں کیں، جبکہ کئی صارفین نے عمارت کی موجودہ حالت اور اس کے تاریخی انداز کو سراہا۔

یہ حویلی عمران خان کی ذاتی زندگی کے اس حصے سے جڑی ہوئی ہے جو تقسیم ہند، ہجرت اور ان کے ننھیال کی خاندانی تاریخ سے متعلق ہے، اسی لیے اس کی دوبارہ منظرِ عام پر آنے والی تصاویر نے لوگوں کی توجہ حاصل کی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US