نازلی نصر کا سابق شوہر سے تعلق پر کھل کر اظہارِ خیال

image

"میری پہلی شادی 16 سال تک رہی، لیکن میں آپ کو سچ بتاؤں تو الحمدللہ آج بھی اپنے سابق شوہر کے ساتھ میرے تعلقات اچھے ہیں، کیونکہ ہمارے بچے ہیں۔ ان کے خاندان کے ساتھ بھی میرا اچھا تعلق ہے اور میرے شوہر محسن مرزا بھی ان کے ساتھ اچھا تعلق رکھتے ہیں ہم دوستوں کی طرح ہیں اور جب بھی بچوں کے حوالے سے ضرورت ہو، ایک دوسرے سے بات کرلیتے ہیں۔ ہمارے درمیان کوئی نفرت نہیں۔ بچوں کی وجہ سے شادی ختم ہونے کے بعد بھی ایک تعلق برقرار رہتا ہے۔ میں نہیں چاہتی تھی کہ ہماری طلاق کا اثر بچوں پر پڑے۔ میں، حسن، ان کی اہلیہ اور میرے شوہر، سب بچوں کی خاطر ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔"

سینئر پاکستانی اداکارہ نازلی نصر نے اپنی پہلی شادی اور طلاق کے بعد سابق شوہر حسن سومرو کے ساتھ تعلقات کے بارے میں کھل کر بات کی ہے۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ دونوں کے درمیان اختلافات کے باوجود بچوں کی وجہ سے آج بھی ایک اچھا اور دوستانہ تعلق قائم ہے۔

نازلی نصر نے حال ہی میں ’رائز اینڈ شائن‘ میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی، جہاں ان سے ماضی کے رشتے کے بارے میں سوال کیا گیا۔ اس دوران انہوں نے بتایا کہ ان کی پہلی شادی 16 سال تک قائم رہی، تاہم طلاق کے بعد بھی انہوں نے سابق شوہر سے تعلق مکمل طور پر ختم نہیں کیا۔

اداکارہ کے مطابق دونوں کے بچے ہیں، اسی لیے وہ اپنے سابق شوہر اور ان کے خاندان کے ساتھ رابطے میں رہتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے موجودہ شوہر محسن مرزا بھی حسن سومرو اور ان کے خاندان سے اچھے تعلقات رکھتے ہیں۔

نازلی نصر نے واضح کیا کہ طلاق کے باوجود ان کے دل میں سابق شوہر کے لیے نفرت نہیں۔ ان کے مطابق بچوں کی زندگی کو والدین کے اختلافات سے متاثر ہونے سے بچانا ہمیشہ ان کی ترجیح رہی ہے۔

نازلی نصر نے کہا کہ وہ، ان کے سابق شوہر حسن سومرو، ان کی اہلیہ اور موجودہ شوہر محسن مرزا، سب بچوں کی وجہ سے ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔ ان کے بقول رشتہ ختم ہونے کے باوجود والدین کی ذمہ داریاں ختم نہیں ہوتیں، اسی لیے انہوں نے ماضی کو بچوں کے مستقبل پر حاوی نہیں ہونے دیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US