گووندا اور کومل رانی کی شادی کا منصوبہ تھا؟ سنیتا آہوجا کا چونکا دینے والا دعویٰ

image

”گووندا اور کومل شادی کرنے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔“

بالی ووڈ اداکار گووندا کی اہلیہ سنیتا آہوجا نے اداکارہ کومل رانی سوارنکر کے ساتھ شوہر کے مبینہ تعلق سے متعلق ایک نیا دعویٰ سامنے رکھا ہے، جس کے بعد دونوں کے رشتے سے متعلق جاری قیاس آرائیوں نے ایک بار پھر توجہ حاصل کرلی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی میں فوٹوگرافروں سے گفتگو کے دوران راکھی ساونت نے سنیتا آہوجا کو فون کیا اور کال اسپیکر پر رکھ دی۔ اسی گفتگو کے دوران سنیتا کی جانب سے مبینہ طور پر گووندا اور کومل رانی کی شادی کے منصوبے کا ذکر کیا گیا۔

بات چیت کے دوران راکھی ساونت نے سنیتا کی جانب سے گووندا کے خلاف دائر طلاق کا مقدمہ واپس لینے پر بھی ان کی تعریف کی۔ راکھی نے مزاحیہ انداز میں مشورہ دیا کہ سنیتا گووندا سے اپنے نام پر 200 کروڑ روپے لکھوا لیں، ورنہ دوسرے لوگ اسے لے جائیں گے۔

یہ گفتگو ایسے وقت سامنے آئی ہے جب سنیتا آہوجا نے 19 اگست کو گووندا کے خلاف دائر طلاق کا مقدمہ واپس لے لیا۔ تاہم اس معاملے پر گووندا کے منیجر ششی سنہا نے خاندان کے نجی معاملات عدالت تک پہنچنے پر افسوس کا اظہار کیا۔

ششی سنہا کے مطابق خاندانی اختلافات کو گھر کی حد تک رکھنا بہتر ہوتا ہے اور کئی مسائل بات چیت سے حل کیے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر مقدمہ واپس ہی لینا تھا تو اسے دائر کرنے کی ضرورت کیوں پیش آئی۔

گووندا اور سنیتا آہوجا کے ازدواجی تعلقات سے متعلق افواہیں رواں برس فروری سے گردش میں ہیں۔ سنیتا کے مختلف انٹرویوز میں نجی زندگی کے حوالے سے سامنے آنے والی گفتگو کے بعد ان کے رشتے میں مبینہ اختلافات کی خبریں مزید زیرِ بحث آگئیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US