” انسان کو اپنے دل کی بات وقت پر کہہ دینی چاہیے، کیونکہ بعد میں صرف پچھتاوا رہ جاتا ہے۔مجھے آج بھی افسوس ہے کہ میں نے اپنی پہلی اہلیہ کو سچ فوراً نہیں بتایا، مجھے یہ بات چھپانی نہیں چاہیے تھی۔ جو بات دل میں ہو، اسے زندگی میں ہی الفاظ دے دینے چاہئیں، کیونکہ احساسات کو بیان کرنا بھی ضروری ہے۔“
پاکستانی شوبز کی سینئر اور باصلاحیت اداکارہ اسما عباس نہ صرف اپنی جاندار اداکاری بلکہ اپنی سادگی اور خوش اخلاقی کے باعث بھی مداحوں میں خاص مقام رکھتی ہیں۔ معروف اداکارہ بشریٰ انصاری کی بہن اسما عباس نے ہمیشہ کھل کر اپنی نجی زندگی کے بارے میں بات کی ہے اور وہ اپنے شوہر کرنل ریٹائرڈ غلام عباس کی دوسری اہلیہ ہیں۔
حال ہی میں دونوں نے وصی شاہ کے پروگرام ’زبردست‘ میں شرکت کی، جہاں گفتگو کے دوران کرنل غلام عباس نے اپنی پہلی اہلیہ کا ذکر کیا تو جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور آبدیدہ ہوگئے۔
کرنل ریٹائرڈ غلام عباس نے اعتراف کیا کہ انہیں آج بھی اس بات کا ملال ہے کہ انہوں نے اپنی پہلی اہلیہ کو اسما عباس سے شادی کے بارے میں فوری طور پر سچ نہیں بتایا تھا۔ ان کے مطابق انہیں یہ بات چھپانے یا جھوٹ بولنے کے بجائے اپنی اہلیہ کے سامنے مردانہ حوصلے کے ساتھ حقیقت رکھ دینی چاہیے تھی۔
اسما عباس نے بھی گفتگو کے دوران بتایا کہ ان کے شوہر نے اپنی پہلی اہلیہ کے سامنے اپنی اس ندامت کا اظہار اس وقت نہیں کیا تھا جب وہ حیات تھیں۔ کرنل عباس کا کہنا تھا کہ انسان کو اپنے دل میں موجود احساسات اور پچھتاوے زندگی ہی میں اپنے قریبی لوگوں تک پہنچا دینے چاہئیں، کیونکہ صرف دل میں محسوس کرنا کافی نہیں، بعض باتوں کا الفاظ میں اظہار بھی ضروری ہوتا ہے۔
اسما عباس کا اپنی شوہر کی پہلی اہلیہ کے ساتھ بھی اچھا تعلق رہا۔ پروگرام کے دوران کرنل عباس نے اپنی پہلی اہلیہ کی زندگی کے آخری لمحات یاد کیے تو ان کی آنکھوں سے آنسو چھلک پڑے۔ انہوں نے بتایا کہ آخری وقت میں وہ شدید تکلیف میں تھیں اور انہوں نے ان کے پاؤں چھو کر اپنے دل کا بوجھ ہلکا کرنے کی کوشش کی، تاہم وہ الفاظ میں وہ بات نہ کہہ سکے جو ان کے دل میں تھی۔
پہلی اہلیہ کے ساتھ گزرے ہوئے برسوں اور آخری لمحات کو یاد کرتے ہوئے کرنل غلام عباس جذباتی ہوگئے۔ ان کی گفتگو نے یہ احساس بھی اجاگر کیا کہ بعض اوقات انسان کے دل میں موجود معافی، محبت یا پچھتاوا وقت گزرنے کے بعد اور بھی زیادہ شدت اختیار کر لیتا ہے، مگر تب شاید اسے الفاظ میں بیان کرنے کا موقع باقی نہیں رہتا۔