امریکی ریاست نیو جرسی میں ایک خاتون کی شادی کی انگوٹھی ٹرین کے ٹوائلٹ میں گر گئی، جسے حیران کن طور پر چند روز بعد تلاش کرلیا گیا۔
جولی اینجلوسیا کے مطابق نیو جرسی ٹرانزٹ ٹرین کے ٹوائلٹ سے نکلنے کے بعد انہیں احساس ہوا کہ ان کی انگوٹھی غائب ہے۔ انہوں نے فوری طور پر واقعے کی اطلاع ٹرین انتظامیہ کو دی۔
نیو جرسی ٹرانزٹ کے ملازمین نے ٹرین کو ٹریک سے ہٹا کر ٹوائلٹ ٹینک نکالا، جہاں سے انگوٹھی مل گئی۔
خاتون کو چند روز بعد انگوٹھی کسٹمر سروس سینٹر سے واپس کردی گئی۔ جولی کے مطابق یہ انگوٹھی ان کے لیے انتہائی خاص ہے کیونکہ یہ 1905 میں تیار ہوئی تھی اور اس پر ان کے اور شوہر کے ناموں کے ابتدائی حروف بھی کندہ ہیں۔