کراچی کیلئے نئے انتظامی یونٹس کا مطالبہ، مصطفیٰ کمال نے بڑا اعلان کردیا

image

وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے کراچی کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نئے انتظامی یونٹس یا صوبوں کے قیام کی حمایت کردی۔

آباد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ مردم شماری کے مطابق کراچی سندھ کی آبادی کا 38 فیصد ہے، تاہم وہ مردم شماری کے اعداد و شمار کو تسلیم نہیں کرتے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کو ملنے والے وسائل کا بڑا حصہ شہر کی ترقی پر خرچ ہونا چاہیے تھا۔

انہوں نے کہا کہ مقامی حکومتوں کو اختیارات منتقل نہ کیے جانے کے باعث مسائل بڑھ رہے ہیں۔ ان کے مطابق ایم کیو ایم نے آئینی ترامیم کے ذریعے بلدیاتی اختیارات کی منتقلی کی کوشش کی، تاہم پیپلز پارٹی نے اس کی مخالفت کی۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پہلے وہ صرف بلدیاتی اداروں کو اختیارات دینے کا مطالبہ کرتے تھے، لیکن اب حالات یہاں تک پہنچ گئے ہیں کہ نئے انتظامی یونٹس کی بات کرنا پڑ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے 32 اضلاع کو ہی 32 انتظامی یونٹس بنایا جاسکتا ہے، نئے انتظامی یونٹس کا مقصد اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کرنا ہے تاکہ عوام ناقص کارکردگی پر اپنے نمائندوں کو تبدیل کرسکیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نئے صوبے یا انتظامی یونٹس کی تجویز ابھی وفاقی کابینہ کے ایجنڈے میں زیر بحث نہیں آئی، تاہم آئین میں صوبے بنانے کا طریقہ کار موجود ہے۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ دنیا چاند پر جا رہی ہے جبکہ کراچی میں بچے گٹروں میں گرنے اور کتوں کے کاٹنے سے جانیں گنوا رہے ہیں اس لیے نظام میں بنیادی تبدیلی کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج وہ وقت آ گیا ہے جو بھی کراچی کو موجودہ نظام سے نجات دلانے میں مدد کرے گا ایم کیو ایم اس کے ساتھ ہوگی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US