فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سیلز ٹیکس رولز 2006 میں اہم ترمیم کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے مانیٹرنگ سسٹم سے منسلک نہ ہونے والے رجسٹرڈ کاروباری مراکز کو سیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نئے قواعد کے تحت مینوفیکچررز اور دیگر کاروباری مراکز کے لیے پروڈکشن مانیٹرنگ، ویڈیو سرویلنس یا ڈیجیٹل آئی سسٹم لگانا لازمی ہوگا، اور شرط پوری نہ کرنے والے کاروباروں کے خلاف پولیس کی مدد سے کارروائی کی جاسکے گی۔
طریقہ کار کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر یا اس سے اوپر کا افسر تحریری رپورٹ کمشنر ان لینڈ ریونیو کو پیش کرے گا، جس کے بعد کمشنر اپنی انکوائری رپورٹ چیف کمشنر کو بھیجے گا جو کاروبار کو مکمل یا جزوی طور پر سیل کرنے کا تحریری حکم جاری کرے گا۔ کارروائی سے قبل متعلقہ کاروباری شخص کو حکم کی کاپی دی جائے گی۔
سسٹم ایف بی آر سے منسلک ہونے اور جرمانہ ادا کرنے تک کاروباری مقام سیل رہے گا۔ مانیٹرنگ سسٹم کی تنصیب ایف بی آر کی ٹیکنیکل ٹیم کی موجودگی میں ہوگی، جس کے بعد کمشنر 3 دن کے اندر سرٹیفکیٹ جاری کرے گا۔ ایف بی آر کے مطابق الیکٹرانک مانیٹرنگ کے ان قواعد کا دائرہ کار مزید کاروباروں اور مینوفیکچررز تک بڑھایا جاسکتا ہے۔