متحدہ عرب امارات میں مقیم 29 سالہ پشپاجوتھی روی کمار نے صرف ایک اسٹکی نوٹ پر 150 مختلف الفاظ لکھ کر گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کرلیا۔
دبئی میں یہ منفرد کارنامہ انجام دینے والی پشپاجوتھی پیشے کے اعتبار سے سینئر کلاؤڈ انجینئر ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بچپن سے گنیز ورلڈ ریکارڈز دیکھنے کے باعث ان کا بھی ریکارڈ بنانے کا خواب تھا۔
انہوں نے جگہ کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرنے کے لیے مختصر الفاظ کا انتخاب کیا اور الفاظ کو قابلِ مطالعہ رکھتے ہوئے پہلی ہی کوشش میں ریکارڈ قائم کرلیا۔
پشپاجوتھی نے ریکارڈ کی ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کی جسے تقریباً 10 لاکھ ویوز ملے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ کارنامہ ان کے لیے اپنی صلاحیت ثابت کرنے اور اعتماد حاصل کرنے کا اہم موقع ہے۔