دلہن بنی ڈاکٹر کی شادی کی رسومات روک کر دو خواتین کی جان بچانے کی کوشش، ویڈیو

image

کیرالا میں ایک ڈاکٹر دلہن نے اپنی شادی کے دوران پیش آنے والی ہنگامی صورتحال میں رسومات سے زیادہ انسانی جان کو ترجیح دے کر سب کی توجہ حاصل کرلی۔

ڈاکٹر شیریں سبیر اپنی شادی کی تقریب میں دلہن کے لباس میں اسٹیج پر موجود تھیں کہ کیٹرنگ ٹیم کی دو خواتین کی اچانک طبیعت خراب ہوگئی۔ ایک خاتون کی ناک سے خون آنا شروع ہوگیا جبکہ دوسری کو چکر آنے لگے اور وہ کمزوری محسوس کرنے لگی۔

صورتحال کا علم ہوتے ہی ڈاکٹر شیریں نے شادی کی رسومات کچھ دیر کے لیے روک دیں اور فوری طور پر متاثرہ خواتین کے پاس پہنچ گئیں۔ انہوں نے دونوں کا معائنہ کیا اور موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔

ناک سے خون آنے والی خاتون کو ڈاکٹر شیریں نے آگے کی جانب جھکنے اور ناک کے نرم حصے کو 10 سے 15 منٹ تک دبائے رکھنے کی ہدایت کی، جبکہ چکر آنے والی خاتون کو لٹا کر ٹانگیں بلند کرنے کا کہا تاکہ اس کی حالت بہتر ہوسکے۔

ڈاکٹر شیریں اس وقت ایک مقامی اسپتال میں ایمرجنسی میڈیسن میں ایم ڈی کررہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ شادی میں موجود افراد جانتے تھے کہ وہ ڈاکٹر ہیں، اسی لیے طبیعت خراب ہونے پر ان سے مدد طلب کی گئی اور انہوں نے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داری سمجھتے ہوئے فوری طور پر دونوں خواتین کی مدد کی۔

شادی کے دوران پیش آنے والا یہ لمحہ کیمرے میں محفوظ ہوگیا اور بعد میں ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ صارفین نے ڈاکٹر شیریں کے پرسکون رویے اور انسانیت کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دلہن بننے کے باوجود اپنے پیشے کی ذمہ داری کو نہیں بھلایا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US