بالی ووڈ کے سینئر اداکار گووندا کی اہلیہ سنیتا آہوجا نے ازدواجی کشیدگی کے دوران شوہر کو انسٹاگرام پر ان فالو کردیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ پیشرفت گووندا کے ایک نئی اداکارہ کومل رانی سوارنکر کے ساتھ مبینہ تعلقات کی افواہوں کے درمیان سامنے آئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق گووندا اور سنیتا آہوجا اس وقت سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کو فالو نہیں کررہے جبکہ ماضی میں دونوں ایک دوسرے کو انسٹاگرام پر فالو کرتے تھے۔
اس سے قبل سنیتا آہوجا نے گووندا سے اختلافات کے دوران طلاق کا مقدمہ دائر کیا تھا، تاہم بعد میں اسے واپس لے لیا۔ اس پیشرفت کے بعد یہ تاثر سامنے آیا تھا کہ شاید دونوں کے درمیان اختلافات ختم ہوگئے ہیں۔
تاہم سنیتا آہوجا نے بعد میں دعویٰ کیا کہ انہوں نے طلاق کا مقدمہ اس لیے واپس لیا کیونکہ گووندا اپنی مبینہ گرل فرینڈ کومل رانی سوارنکر سے شادی کرنے کا ارادہ رکھتے تھے۔
سنیتا نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ انہیں بعض ہوٹلوں سے فون موصول ہوئے تھے جس کے بعد گووندا اور کومل رانی کے مبینہ تعلقات سے متعلق قیاس آرائیوں نے مزید زور پکڑا۔
دوسری جانب گووندا کے منیجر نے سنیتا آہوجا کے دوسری شادی سے متعلق دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا کچھ نہیں ہے اور نہ ہی ایسا ہوگا۔
گووندا اور سنیتا آہوجا کی جانب سے ایک دوسرے کو انسٹاگرام پر ان فالو کیے جانے کی حالیہ پیشرفت نے ایک بار پھر ان کے ازدواجی تعلقات کے حوالے سے سوالات اٹھا دیے ہیں۔