بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے اپنی نجی زندگی سے متعلق دلچسپ انکشافات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ گھر کے کام کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرتے۔
83 سالہ امیتابھ بچن نے ٹی وی پروگرام ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کے حالیہ سیزن کی ایک قسط میں بتایا کہ وہ اپنی اہلیہ جیا بچن کو ناراض ہونے سے بچانے کے لیے گھر کے کاموں میں خود بھی ہاتھ بٹاتے ہیں۔
اداکار کے مطابق ان کے گھر میں عام طور پر 4، 8 یا 10 ملازمین موجود ہوتے ہیں، تاہم جب گھر میں کوئی مددگار موجود نہ ہو تو وہ صفائی سمیت دیگر گھریلو کام خود کرلیتے ہیں۔
امیتابھ بچن نے بتایا کہ انہیں کھانا پکانا نہیں آتا اس لیے کبھی باہر سے کھانا منگوا لیتے ہیں اور کبھی جیا بچن سے اپنے لیے کچھ بنانے کی فرمائش کرتے ہیں۔
ان کے مطابق جیا بچن کو کھانا بنانا پسند ہے اور وہ مختلف کھانے تیار کرکے ان سے پوچھتی ہیں کہ کھانا کیسا بنا ہے۔
امیتابھ بچن ان دنوں اپنے طویل عرصے سے جاری مقبول ٹی وی پروگرام ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کے 18ویں سیزن کی میزبانی کے باعث بھی خبروں میں ہیں۔