جاپان میں تقریباً 400 ٹن وزنی تاریخی محل کو ایک ہزار افراد نے رسیوں کی مدد سے کھینچ کر دوسری جگہ منتقل کردیا۔
یہ انوکھا واقعہ شمال مغربی جاپان کے اوموری پریفیکچر میں پیش آیا، جہاں قومی ثقافتی ورثے میں شامل ہیروشاکی کیسل کو دوبارہ اس کی اصل پوزیشن کے قریب منتقل کیا گیا۔
یہ تاریخی محل 2015 میں پتھروں کی دیواروں کی مرمت کے لیے اپنی اصل جگہ سے منتقل کیا گیا تھا تاہم اب اسے دوبارہ واپس لانے کا فیصلہ کیا گیا۔
محل کی منتقلی کے لیے تقریباً ایک ہزار افراد کو قرعہ اندازی کے ذریعے منتخب کیا گیا اور انہیں مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا۔ شرکا نے متعدد موٹی رسیوں کی مدد سے 400 ٹن وزنی محل کو آہستہ آہستہ کھینچا۔
محل کی منتقلی کا عمل مجموعی طور پر دو روز جاری رہا، جبکہ تقریب میں تقریباً 4 ہزار افراد نے مختلف مراحل میں حصہ لیا۔
اس تاریخی اقدام کا بنیادی مقصد محل کو تقریباً 5 میٹر اس کی سابقہ پوزیشن کی جانب منتقل کرنا تھا جسے جاپان میں ثقافتی ورثے کے تحفظ کی ایک منفرد مثال قرار دیا جا رہا ہے۔