نیدرلینڈز کے معروف ٹی وی میزبان کلاس وان کروئسٹم اور ان کی ٹیم نے روایتی لکڑی کے جوتے کو گاڑی میں تبدیل کرکے نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔
ٹی وی شو ’کلاس کین ڈو ایوری تھنگ‘ کی ٹیم نے تیز ترین موٹرائزڈ گارڈن شیڈ کا سابقہ ریکارڈ توڑنے کا فیصلہ کیا جس کے لیے برطانیہ کے ماہر کیون نکس سے رابطہ کیا گیا۔
ٹیم نے نیدرلینڈز کے روایتی لکڑی کے جوتے ’کلاگ‘ (Clog) کو گاڑی کی شکل دینے کا منفرد منصوبہ بنایا۔ جوتا نما گاڑی کی بنیاد ایک الیکٹرک گو کارٹ کے فریم پر رکھی گئی جبکہ اس کا بیرونی ڈھانچہ پولیسٹر اور فائبر گلاس سے تیار کیا گیا۔
نیدرلینڈز کے بریڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کلاس وان کروئسٹم نے اس منفرد گاڑی کو ڈرائیو کیا اور 70.05 میل فی گھنٹہ یعنی تقریباً 113 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کرلی۔اس حیران کن رفتار کے ساتھ جوتے نما گاڑی نے گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا۔