میرا سب سے بڑا خواب ہے کہ پاکستان آئیڈل سے ملنے والی 15 لاکھ روپے کی انعامی رقم سے اپنے بچوں کے لیے ایک چھت بناؤں۔ میں نے پہلے دن ہی یہ فیصلہ کر لیا تھا کہ اگر میں یہ مقابلہ جیت گئی تو انعام کی رقم اپنے بچوں کے مستقبل پر خرچ کروں گی۔ میری یہ کامیابی میرے والدین اور گھر والوں کی دعاؤں اور مسلسل حمایت کا نتیجہ ہے۔
پاکستان آئیڈل سیزن ٹو کا ٹائٹل فیصل آباد سے تعلق رکھنے والی حرا قیصر نے اپنے نام کر لیا۔ اتوار کو ہونے والے فائنل میں شاندار پرفارمنس کے بعد حرا نے کامیابی حاصل کی اور 15 لاکھ روپے کی انعامی رقم بھی جیتی۔
متوسط گھرانے سے تعلق رکھنے والی حرا نے پورے مقابلے کے دوران اپنی آواز اور پرفارمنس سے ناظرین اور ججز کی توجہ حاصل کی۔ کامیابی کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اس سفر میں ان کی والدہ، بہنوں اور شوہر نے بھرپور ساتھ دیا، جبکہ ابتدا میں بھائی کو کچھ تحفظات تھے لیکن بعد میں وہ بھی حرا کے حوصلے کا سبب بن گئے۔
حرا کے مطابق موسیقی سے ان کا تعلق اپنے والد قیصر علی کی وجہ سے ہے، جو 8 سال قبل انتقال کر گئے۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں موسیقی کے حوالے سے جو کچھ بھی آتا ہے، اس میں ان کے والد کا بنیادی کردار ہے۔
حرا نے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے آٹھویں جماعت تک تعلیم حاصل کی اور 2013 میں شادی ہوگئی۔ اب پاکستان آئیڈل کا ٹائٹل جیتنے کے بعد وہ اپنے خواب پورے کرنے کے لیے ایک نئے سفر کا آغاز کرنا چاہتی ہیں۔