66 سالہ امریکی خاتون نے اپنا ہی عالمی اسکیٹ بورڈنگ ریکارڈ توڑ دیا

image

امریکی ریاست کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والی 66 سالہ جوڈی اویاما نے مسابقتی اسکیٹ بورڈنگ میں اپنا ہی عالمی ریکارڈ مزید بہتر بنا دیا۔

گینیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق جوڈی اویاما نے نومبر 2025 میں برازیل میں ہونے والی انٹرنیشنل سلالوم اسکیٹ بورڈنگ ورلڈ چیمپئن شپ میں حصہ لیا، اس وقت ان کی عمر 66 سال اور 25 دن تھی، جس کے باعث انہیں دنیا کی معمر ترین مسابقتی خاتون اسکیٹ بورڈر قرار دیا گیا۔

جوڈی نے محض 13 سال کی عمر میں اسکیٹ بورڈنگ شروع کی اور 1975 میں باقاعدہ مقابلوں میں حصہ لینا شروع کیا۔ انہیں 2018 میں اسکیٹ بورڈنگ ہال آف فیم میں بھی شامل کیا گیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ معمر ترین مسابقتی خاتون اسکیٹ بورڈر کا عالمی ریکارڈ پہلے بھی جوڈی اویاما ہی کے پاس تھا، جو انہوں نے 2024 میں 64 سال کی عمر میں قائم کیا تھا۔

اب جوڈی اویاما کی نظریں اکتوبر میں ہونے والے ورلڈ اسکیٹ گیمز پر ہیں، جہاں وہ ایک بار پھر اپنا ہی ریکارڈ بہتر بنانے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

جوڈی کا کہنا ہے کہ عمر بڑھنے کے ساتھ اب انہیں کسی کو کچھ ثابت کرنے کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی تاہم وہ ہر سال اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کرتی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US