سورۃ الرحمٰن نے کینسر سے صحتیابی میں بڑا کردار ادا کیا: نعمان اعجاز

image

پاکستان کے سینئر اداکار نعمان اعجاز نے انکشاف کیا ہے کہ سال 2024 میں ان کے کان کے قریب کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، جس سے مکمل صحت یابی اور کیموتھراپی سے نجات میں سورۃ الرحمٰن نے اہم کردار ادا کیا۔

حال ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو میں اداکار نے بتایا کہ جب انہیں اس بیماری کا علم ہوا تو انہوں نے نماز کے دوران اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ اگر ان کی دنیا میں ضرورت نہیں رہی تو انہیں فوری بلا لیا جائے، کیونکہ وہ اپنے اہلخانہ کو تکلیف میں نہیں دیکھ سکتے اور نہ ہی اسپتالوں کے چکر یا کیموتھراپی جیسے دردناک عمل سے گزرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اس دور میں ہر رات مختلف اذکار پڑھ کر اس امید کے ساتھ سوتے تھے کہ شاید صبح نہ اٹھ سکیں۔

نعمان اعجاز کے مطابق، بیماری کی خبر ملنے پر ان کے ایک دوست نے انہیں سورۃ الرحمٰن کی تلاوت کا مشورہ دیا، جس کے بعد انہوں نے روزانہ باقاعدگی سے اسے پڑھنا شروع کردیا اور ان کا ماننا ہے کہ انہیں اس موذی مرض سے بچانے میں اس سورۃ کا بہت بڑا ہاتھ ہے۔ بعد ازاں ان کا کامیاب آپریشن ہوا جس کے ذریعے ٹیومر نکال دیا گیا۔

اداکار نے مزید بتایا کہ 23 جولائی 2024 کو ان کی پہلی کیموتھراپی تجویز کی گئی تھی، لیکن اس سے ایک دن قبل 22 جولائی کو ڈاکٹروں نے معا ئنے کے بعد انہیں بتایا کہ اب جسم میں کینسر کے کوئی اثرات باقی نہیں رہے، جس کے باعث انہیں کیموتھراپی کروانے کی ضرورت نہیں پڑی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US