چین میں تیار کیے گئے ہیومنائیڈ روبوٹ تیانگونگ الٹرا نے 100 میٹر دوڑ میں حیران کن رفتار کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8.86 سیکنڈ میں فاصلہ طے کرلیا۔
روبوٹ کی اس کارکردگی نے جمیکن ایتھلیٹ یوسین بولٹ کے 9.58 سیکنڈ کے انسانی عالمی ریکارڈ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
اس سے چند روز قبل چینی کمپنی کے روبوٹ لائٹننگ نے 100 میٹر کا فاصلہ 9.32 سیکنڈ میں طے کیا تھا تاہم تیانگونگ الٹرا نے اس سے بھی بہتر وقت ریکارڈ کرلیا۔
بیجنگ ہیومنائیڈ روبوٹ انوویشن سینٹر کا تیار کردہ تیانگونگ الٹرا ورلڈ ہیومنائیڈ روبوٹ گیمز میں یہ کارنامہ انجام دینے میں کامیاب ہوا۔
تاہم ریس کے اختتام پر روبوٹ توازن برقرار نہ رکھ سکا اور رکاوٹ سے جا ٹکرایا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ انتہائی تیز رفتاری پر روبوٹس کے لیے رفتار کو کنٹرول کرنا اب بھی ایک چیلنج ہے۔