امریکا میں ایک جوڑا گھروں سے نکل کر لاس ویگاس جا رہا تھا تاکہ وہاں شادی کر سکے، لیکن انہیں کیا معلوم تھا کہ منزل تک پہنچنے سے پہلے ہی ان کی شادی کی تقریب طیارے میں منعقد ہوجائے گی۔
سارہ مونتالو اور ان کے بوائے فرینڈ ساؤتھ ویسٹ ایئرلائنز کی پرواز میں لاس ویگاس جا رہے تھے۔ دورانِ سفر عملے کو ان کے شادی کے منصوبے کا علم ہوا تو انہوں نے جوڑے کو حیران کرنے کے لیے طیارے ہی میں تقریب منعقد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
پرواز میں موجود 178 مسافروں کے سامنے شادی کی یہ مختصر تقریب ہوئی، جس میں پائلٹ نے شادی کی رسومات مکمل کرائیں۔ عملے نے بھی اپنی دستیاب چیزوں سے جوڑے کے لیے عروسی انتظامات کیے۔ فلائٹ اٹینڈنٹس نے ٹوائلٹ پیپر سے دلہن کا لباس تیار کیا جبکہ کافی کپ کی اسٹکس سے ایک عارضی گلدستہ بنا دیا گیا۔
سارہ مونتالو نے اس تجربے کو اپنی زندگی کا یادگار لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ قسمت اس سے زیادہ ان کا ساتھ نہیں دے سکتی تھی۔ جوڑے نے طیارے کے عملے کا شکریہ ادا کیا، تاہم یہ واضح نہیں کہ دورانِ پرواز ہونے والی اس تقریب کو نیواڈا کے قوانین کے تحت قانونی شادی کی حیثیت حاصل ہے یا نہیں۔ دونوں نے لاس ویگاس پہنچ کر باقاعدہ شادی کی تقریب کا منصوبہ پہلے ہی بنا رکھا تھا۔