برطانیہ میں غوطہ خوروں نے ڈیون کے ساحل سے 20 میل دور انگلش چینل میں دوسری جنگ عظیم کے عہد کی جرمن آبدوز یو 672 کا ملبہ دریافت کرلیا ہے، جو تقریباً 82 سال قبل 1944ء میں گم ہوگئی تھی۔
آئن ٹیلر اینڈ اسکن ڈیپر ٹیم کو یہ ملبہ کچھ عرصے قبل ملا تھا، تاہم اس کی اصل شناخت ممکن نہیں ہوسکی تھی۔
بعدازاں 55 سالہ غوطہ خور ڈوم روبنسن، ان کی ٹیم اور تاریخ دان ایلس نیسلے کی مشترکہ کوششوں اور مشاورت سے تصدیق ہوئی کہ یہ وہی جرمن آبدوز ہے۔
ڈوم روبنسن کے مطابق دوسری جنگ عظیم میں جنگی جہازوں کو ڈبونے کے لیے استعمال ہونے والی اس آبدوز میں 52 افراد پر مشتمل عملہ موجود ہوتا تھا، اور اس تاریخی ملبے کی کامیابی سے شناخت ان کی ٹیم کے لیے ایک انتہائی اہم اور غیر متوقع لمحہ تھا۔