مشہور گیمنگ PUBG Mobile گیم کے معروف کانٹینٹ کریئیٹر فاروق احمد ایک افسوسناک موٹر سائیکل حادثے میں جاں بحق ہوگئے، جس پر گیمنگ کمیونٹی میں سوگ کی فضا ہے۔
فاروق احمد کے انتقال کی خبر ان کے دوستوں نے سوشل میڈیا پر شیئر کی۔ بتایا گیا ہے کہ وہ کینیڈا کے شہر کیلگری، البرٹا میں موٹر سائیکل حادثے کا شکار ہوئے۔ بعد ازاں PUBG Mobile سے وابستہ کئی معروف کریئیٹرز، جن میں Falak PUBG، Dictator YT، Staranonymous Baba OP اور Crypto PUBG سمیت دیگر شامل ہیں، نے بھی سوشل میڈیا پر ان کے انتقال کی خبر شیئر کی۔
فاروق احمد یوٹیوب پر PUBG Mobile سے متعلق مواد بناتے تھے اور انہوں نے مختصر عرصے میں بڑی تعداد میں مداح بنائے۔ ان کے یوٹیوب چینل پر 9 لاکھ 25 ہزار سے زائد سبسکرائبرز جبکہ انسٹاگرام پر تقریباً 85 ہزار فالوورز موجود تھے۔ ان کے انسٹاگرام پروفائل کے مطابق وہ PUBG MOBILE کے آفیشل پارٹنر اور کینیڈین ایمبیسیڈر بھی تھے۔
فاروق احمد خاص طور پر PUBG Mobile کے مہنگے اور نایاب اکاؤنٹس کے حوالے سے بنائی جانے والی ویڈیوز کے باعث بھی مقبول تھے۔ ان کے چینل پر قیمتی UC خریداری، نایاب آئٹمز، ہتھیاروں کے اپ گریڈ اور مختلف اکاؤنٹ کلیکشنز سے متعلق مواد موجود تھا۔
وہ انتقال سے کچھ عرصہ قبل تک گیمنگ کمیونٹی میں فعال تھے اور حال ہی میں اپنے یوٹیوب چینل پر PUBG Mobile World Cup کی واچ پارٹی بھی منعقد کی تھی۔ ان کے اچانک انتقال کی خبر نے گیمنگ سے وابستہ مداحوں اور دیگر کریئیٹرز کو افسردہ کردیا ہے۔