ہانیہ عامر کی نئی ویڈیو پر شدید تنقید، مداحوں نے حساسیت پر سوال اٹھا دیے

image

”ذرا تصور کریں! آپ کے ملک میں 14 بچے جل کر جاں بحق ہوگئے ہیں اور آپ اس موقع پر ایسی پوسٹ کر رہی ہیں۔ آخر آپ اپنے لاکھوں فالوورز کے ساتھ کر کیا رہی ہیں؟“

”جب پوری قوم 14 معصوم بچوں کی موت پر سوگوار ہے، ایسے میں ہانیہ اپنے ہی انداز میں مصروف ہیں۔“

”ہانیہ بیٹی، براہِ کرم ہری پور کی 4 سالہ آیت نور کے لیے بھی آواز اٹھائیں، جسے مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنا کر قتل کردیا گیا۔ اس وقت آپ کی آواز اٹھانا آپ کی ذمہ داری ہے۔“

”نشہ اس کی زندگی برباد کر رہا ہے، اسے دیکھ کر افسوس ہوتا ہے۔“

”آپ پاکستان کی سب سے زیادہ فالو کی جانے والی اداکارہ ہیں، خدا کے لیے پاکستان میں ہونے والے ظلم کے خلاف اپنی آواز استعمال کریں۔ آپ کے پاس رسائی بھی ہے اور پلیٹ فارم بھی، اسے استعمال کریں۔“

پاکستان کی معروف اداکارہ ہانیہ عامر ایک بار پھر سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کی زد میں آگئی ہیں۔ 2 کروڑ سے زائد انسٹاگرام فالوورز رکھنے والی اداکارہ اپنی مقبول ڈرامہ سیریلز ’دل ربا‘، ’سنگِ ماہ‘، ’کبھی میں کبھی تم‘، ’عشقیہ‘، ’میرے ہمسفر‘ اور ’مجھے پیار ہوا تھا‘ کے باعث خاصی مقبول ہیں اور ان دنوں اپنے نئے پروجیکٹ ’فنا‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔

ہانیہ نے حال ہی میں انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ کافی پیتے ہوئے ایک اوپن روف کار میں رقص کرتی دکھائی دیں۔ اداکارہ نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کی ٹینک ٹاپ شرٹ کے ساتھ سیاہ ٹراؤزر پہن رکھا تھا، جبکہ مختصر بال کھلے ہوئے تھے۔ ویڈیو میں وہ طحہٰ جی کے گانے ’غلطی سے‘ پر اپنے مخصوص انداز میں ڈانس کرتی نظر آئیں۔

ہانیہ نے ویڈیو کے ساتھ کیپشن لکھا، ”خدا کراچی کی سڑکوں پر موجود سب سے کول لڑکیوں کو سلامت رکھے۔“

تاہم ویڈیو سامنے آتے ہی بعض سوشل میڈیا صارفین نے اداکارہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنانا شروع کردیا۔ صارفین کا کہنا تھا کہ ایسے وقت میں جب ملک میں حالیہ سانحات پر غم کی فضا ہے، ایک بڑی سوشل میڈیا فالوئنگ رکھنے والی شخصیت کو اپنے پلیٹ فارم کے ذریعے اہم معاملات پر بھی آواز اٹھانی چاہیے۔

خاص طور پر اسلام آباد کے پمز اسپتال میں نومولود بچوں کی ہلاکت اور ہری پور کی کمسن آیت نور کے افسوسناک کیس کا حوالہ دیتے ہوئے صارفین نے ہانیہ عامر سے مطالبہ کیا کہ وہ تفریحی مواد کے ساتھ ساتھ ملک میں پیش آنے والے سنگین واقعات پر بھی اپنی آواز استعمال کریں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US