رمشا خان بہن کی شادی میں کم نظر کیوں آئیں؟ اداکارہ نے وجہ بتا دی

image

”میرے شوہر خوشال خان نے مجھ پر کسی قسم کی کوئی پابندی نہیں لگائی۔ میں خود کیمرے کے سامنے نہیں آنا چاہتی اور نہ ہی ’رمشا خان‘ کے نام سے کوئی ہیش ٹیگ دیکھنا چاہتی ہوں۔ میں اپنی زندگی میں بہت خوش ہوں اور اب ایک نجی زندگی گزارنا چاہتی ہوں، اس لیے سب سے درخواست ہے کہ میرے اس فیصلے کا احترام کریں۔“

پاکستان کی سابق اداکارہ رمشا خان نے اپنی بہن علیشا خان کی شادی کی تقریبات میں اپنی محدود شرکت کی وجہ واضح کردی ہے۔ حال ہی میں انفلوئنسر علیشا خان کی شادی کی تقریبات منعقد ہوئیں، جن کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کرتی رہیں۔

شادی کے دوران سب کی نظریں دلہن کی بہن رمشا خان اور ان کے شوہر اداکار خوشال خان کی غیر موجودگی پر بھی رہیں۔ دونوں صرف ایک تقریب میں دکھائی دیے، جہاں انہوں نے انتہائی سادہ لباس پہن رکھا تھا اور ماسک و چشمے کے ذریعے اپنی شناخت چھپانے کی کوشش بھی کی۔

رمشا کی غیر موجودگی نے سوشل میڈیا پر مختلف سوالات کو جنم دیا، جس کے بعد شادی کی ایک تقریب میں اداکارہ نے ایک ٹی وی میزبان سے گفتگو کے دوران اس معاملے پر وضاحت کی۔

میزبان کے مطابق رمشا نے واضح کیا کہ ان کے شوہر کی جانب سے ان پر کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی۔ ان کا کیمرے سے دور رہنے کا فیصلہ ذاتی ہے اور وہ اب اپنی نجی زندگی کو میڈیا اور سوشل میڈیا کی توجہ سے الگ رکھنا چاہتی ہیں۔

میزبان نے مزید بتایا کہ رمشا اپنی موجودہ زندگی سے خوش ہیں اور ایک نجی فرد کی حیثیت سے زندگی گزارنے کو ترجیح دے رہی ہیں۔ ان کے مطابق لوگوں کو اداکارہ کے اس فیصلے اور ان کی نجی زندگی کا احترام کرنا چاہیے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US