بچی کو بچی ہی رہنے دیں‘ نعتیں پڑھ کر شہرت پانے والی آیت عارف کی ریمپ واک وائرل، سوشل میڈیا صارفین برہم
’’یہ والدین کی غلطی ہے، بچے کو بچہ ہی رہنا چاہیے۔‘‘
’’اوور ایکٹنگ ہے، اسے اپنی پڑھائی پر توجہ دینی چاہیے۔‘‘
’’یہ تو نعتیں پڑھا کرتی تھی، یہ کیسا انداز ہے؟‘‘
نعتیں پڑھ کر کم عمری میں شہرت حاصل کرنے والی چائلڈ اسٹار آیت عارف اب فیشن کی دنیا میں بھی قدم رکھ چکی ہیں، تاہم ان کی حالیہ ریمپ واک نے سوشل میڈیا پر تعریف کے بجائے ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
آیت عارف نے اپنے کیریئر کا آغاز لائیو ٹرانسمیشنز میں نعتیں پڑھنے سے کیا تھا، جس کے بعد وہ یوٹیوب پر بھی مقبول ہوئیں۔ اب وہ مین اسٹریم فیشن کا حصہ بن رہی ہیں اور جاری کَشیز برائیڈل شو میں بھی انفرادی حیثیت سے ریمپ پر جلوہ گر ہوئیں۔
آیت عارف نے کَشیز کا تیار کردہ ملٹی کلرڈ لہنگا زیب تن کیا اور پورے اعتماد کے ساتھ ریمپ واک کی۔ ان کا انداز کسی پروفیشنل فیشن ماڈل سے کم نہیں تھا، تاہم کم عمری میں اس طرح کی پریزنٹیشن نے سوشل میڈیا صارفین کو اپنی جانب متوجہ کرلیا۔
آیت عارف کی ریمپ واک کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین کی ایک بڑی تعداد نے ان کے انداز پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اتنی کم عمر بچی کو اس انداز میں پیش نہیں کیا جانا چاہیے۔
کئی صارفین نے اس معاملے کی ذمہ داری والدین پر ڈالتے ہوئے کہا کہ بچوں کو کم عمری میں فیشن اور گلیمر کی دنیا میں اس طرح پیش کرنے کے بجائے ان کی تعلیم اور بچپن پر توجہ دینی چاہیے، جبکہ بعض افراد نے آیت عارف کے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے بھی حیرت کا اظہار کیا کہ جو بچی نعتیں پڑھ کر لوگوں کی توجہ حاصل کرتی تھی، وہ اب اس انداز میں فیشن ریمپ پر نظر آ رہی ہے۔
یوں آیت عارف کی ایک ریمپ واک نے انہیں ایک بار پھر سوشل میڈیا کی توجہ کا مرکز بنا دیا ہے، لیکن اس بار ان کے مداحوں اور ناقدین کے درمیان بحث ان کے لباس سے زیادہ ان کی کم عمری اور شو میں ان کی پریزنٹیشن پر ہو رہی ہے۔