معروف بھارتی اداکارہ زینت امان نے اپنے دوسرے شوہر مظہر خان کے ساتھ اپنی شادی کے تلخ تجربات اور ازدواجی زندگی کی مشکلات کا ذکر کیا ہے۔
1985ء میں سنگاپور میں مظہر خان کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والی 74 سالہ اداکارہ کے دو بیٹے اذان اور زہان ہیں۔ 12 سال ساتھ زندگی گزارنے کے بعد اگرچہ انہوں نے باضابطہ طلاق نہیں لی تھی، تاہم 1998ء میں مظہر خان کے انتقال سے قبل ہی وہ ان سے الگ ہو گئی تھیں۔
ایک حالیہ گفتگو کے دوران اداکارہ نے کہا کہ کامیابی انسان کو اعتماد سکھاتی ہے جبکہ دل ٹوٹنے کا تجربہ اپنی حدود متعین کرنا سکھاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف محبت کافی نہیں ہوتی اور عزت کے بغیر رشتہ برقرار نہیں رکھا جا سکتا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بعض اوقات کسی ناخوشگوار رشتے سے الگ ہونا خود سے اور اپنے متعلقین سے محبت کا اظہار ہوتا ہے۔
زینت امان نے افسوس کا اظہار کیا کہ خواتین کو اکثر اپنی تکلیف نظرانداز کرکے حالات سے سمجھوتا کرنے اور دوسروں کے رویے برداشت کرنے کی تعلیم دی جاتی ہے، کاش وہ پہلے سمجھ پاتیں کہ تکلیف بھی ایک اہم اشارہ ہوتی ہے۔
بے وفائی کے موضوع پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ محض بالی ووڈ تک محدود نہیں بلکہ ایک انسانی کمزوری ہے، تاہم فلم انڈسٹری میں نجی تعلقات اور کسی کا دکھ اکثر عوامی تفریح اور افواہوں کا موضوع بن جاتے ہیں جس سے کسی کا فائدہ نہیں ہوتا۔