ایک لاکھ فٹ سے گرنے کے بعد بھی آئی فون محفوظ، نیا عالمی ریکارڈ

image

سوئیڈن میں ایک انوکھے تجربے کے دوران آئی فون 17 پرو کو تقریباً ایک لاکھ فٹ کی بلندی سے زمین پر گرایا گیا، تاہم فون حیران کن طور پر مکمل طور پر محفوظ رہا اور گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق آئی فون 17 پرو کو خصوصی ایئر ایکس کیس کے ساتھ ایک اونچائی والے غبارے کے ذریعے اسٹریٹوسفیئر تک پہنچایا گیا، جہاں اس نے ایک لاکھ 416 فٹ کی بلندی حاصل کی۔

زمین پر واپسی کے دوران فون کو منفی 40 سے منفی 60 ڈگری سینٹی گریڈ تک شدید سردی اور سطح سمندر کے معمول کے دباؤ کے صرف ایک فیصد کے برابر فضائی دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔ فون نے تقریباً 25 منٹ میں زمین تک واپسی کا سفر مکمل کیا۔

ٹیم نے جی پی ایس ٹریکنگ کی مدد سے سوئیڈن کے جنگلات میں فون تلاش کیا اور اسے گنیز ورلڈ ریکارڈ کے جج کے سامنے پیش کیا۔ حیرت انگیز طور پر فون مکمل طور پر فعال تھا، اسے آن اور آف کیا جاسکتا تھا، کالز کی جاسکتی تھیں اور تصاویر بھی بنائی جاسکتی تھیں۔

یہ تجربہ برطانیہ کی ایرو اسپیس کمپنی سینٹ انٹو اسپیس کے تعاون سے کیا گیا جس کا مقصد انتہائی بلندی، سردی، کم فضائی دباؤ اور شدید اثرات میں ایئر ایکس کیس کی کارکردگی جانچنا تھا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US