جب میں نے پہلے بچے کے پیدا ہونے کی آواز سنی تو میری آنکھوں میں آنسو آگئے کیونکہ میرے ذہن میں بس یہی تھا کہ یا اللہ یہ ٹھیک ہے۔ پھر دوسرا بچہ آیا اس کے بعد تیسرا اور جب میں نے تینوں کو ایک ساتھ روتے ہوئے سنا تو میں نے کہا شکر ہے، یہ سب خیریت سے ہیں۔
امریکی شہر لاس اینجلس کے جنوبی علاقے سے تعلق رکھنے والے ایک جوڑے کے گھر بیک وقت تین بچوں کی پیدائش ہوئی ہے جنہوں نے اپنے غیر معمولی مجموعی وزن کی وجہ سے عالمی ریکارڈ کے قریب پہنچ کر سب کی توجہ حاصل کرلی۔
نیلا کرافٹ اور مارکو برنال کے ہاں 18 اگست کو تین بیٹوں، ایلیو، الیاس اور اینزو کی پیدائش ہوئی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ تینوں بچوں میں سے ایلیاس اور اینزو ایک جیسے جڑواں ہیں جبکہ تینوں کا مجموعی وزن 19.3 پاؤنڈ یعنی تقریباً 8.8 کلوگرام رہا۔
تینوں نومولود بچوں میں سے ہر ایک کا وزن 6 پاؤنڈ سے زیادہ تھا جو تین بچوں کی بیک وقت پیدائش کے اعتبار سے غیر معمولی طور پر زیادہ وزن ہے۔ ان کی پیدائش اپنے والد مارکو برنال کی سالگرہ کے دن ہوئی جس نے اس خوشی کو خاندان کے لیے مزید یادگار بنا دیا۔
بچوں کی پیدائش کے بعد ماں نیلا کرافٹ نے اپنے جذبات بیان کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے ان کے ذہن میں بچوں کی خیریت کا خیال آیا اور جب تینوں کی رونے کی آواز ایک ساتھ سنائی دی تو انہیں اطمینان ہوا کہ ان کے بچے محفوظ ہیں۔
یہ تینوں بچے خاندان کے پہلے بچے نہیں بلکہ اپنے دو بڑے بہن بھائیوں کے ساتھ شامل ہوئے ہیں یوں اس خاندان میں اب پانچ سال سے کم عمر پانچ بچے ہوگئے ہیں۔
کائزر پرمیننٹے ساؤتھ بے میڈیکل سینٹر کے شعبہ نوزائیدہ بچوں کے سربراہ ڈاکٹر روہت پاسی نے بھی خاندان سے ملاقات کی اور اس موقع پر کہا کہ بچوں کو صحت مند حالت میں گھر میں خاندان کے ساتھ دیکھنا ہی سب سے زیادہ خوشی کی بات ہے۔