تماشہ سیزن 5 پوری دلچسپی کے ساتھ جاری ہے اور اس بار شو میں پاکستانی شوبز کی معروف اداکارہ میرا کی انٹری نے ناظرین کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی ہے۔ میرا کی آمد سے جہاں لائبہ خاصی خوش اور پُراعتماد نظر آئیں، وہیں میرا کے انداز نے سوشل میڈیا صارفین کو ایک بار پھر انہیں ٹرول کرنے کا موقع دے دیا۔
میرا نے تماشہ کے گھر میں سفید شرٹ، جینز اور آنکھوں پر چشمہ لگائے انٹری دی۔ گھر میں داخل ہونے کے بعد ان کا انداز ایسا تھا جیسے انہیں اردگرد ہونے والی سرگرمیوں کا زیادہ اندازہ ہی نہ ہو۔ خاص طور پر اس وقت ناظرین حیران رہ گئے جب میرا نے بادشاہ سلامت کو پہچاننے سے بھی لاعلمی کا اظہار کیا اور گھر کے حالات کو سمجھنے میں الجھن کا شکار دکھائی دیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ گھر میں آنے سے پہلے میرا نے لائبہ کی کھل کر حمایت کی تھی، لیکن شو میں ان کی انٹری کے بعد ان کے انداز نے ناظرین کو خاصا محظوظ کیا۔ میرا کی بےخبری، الجھن اور غیر حاضر دماغی پر سوشل میڈیا صارفین نے خوب تبصرے کیے اور بعض نے تو ان کے رویے کو شو کے لیے بورنگ بھی قرار دے دیا۔
میرا کی یہ حرکات دیکھ کر سوشل میڈیا پر تبصروں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ کچھ صارفین نے ان کے انداز کو مزاحیہ قرار دیا جبکہ کچھ نے حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ آخر میرا کو گھر میں ہو کیا رہا ہے، اس کا اندازہ کیوں نہیں ہو رہا۔
یوں تماشہ سیزن 5 میں میرا کی پہلی ہی انٹری نے شو کی توجہ ایک بار پھر اپنی جانب کھینچ لی ہے اور اب دیکھنا یہ ہے کہ آنے والی اقساط میں میرا گھر کے ماحول میں گھل مل پاتی ہیں یا ان کی یہی دلچسپ اور الجھن بھری حرکات ناظرین کی تفریح کا ذریعہ بنتی رہیں گی۔