پانی میں کھڑی دلہن، فلپائن میں جوڑے نے سیلابی پانی میں شادی کر لی

image

فلپائن میں شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث جہاں معمولاتِ زندگی متاثر ہیں، وہیں ایک جوڑے نے مشکل حالات کے باوجود اپنی شادی کا فیصلہ تبدیل نہیں کیا۔ منیلا کے سینٹ جان دی بپٹسٹ چرچ میں گھٹنوں تک پانی جمع ہونے کے باوجود لیان لیزا گالانگ اور گلبرٹ چیکو رشتہ ازدواج میں بندھ گئے۔

دلہن سفید عروسی لباس اور پھولوں کا گلدستہ لیے سیلابی پانی سے گزرتی ہوئی چرچ پہنچی، جہاں پادری نے مختصر تقریب میں دونوں کو میاں بیوی قرار دیا۔ شادی میں 15 سے بھی کم افراد شریک تھے، جبکہ چرچ کا ایک حصہ تقریباً ایک ماہ سے پانی میں گھرا ہوا ہے۔

چرچ انتظامیہ نے بڑھتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر جوڑے کو شادی مؤخر کرنے کا مشورہ بھی دیا تھا، تاہم دونوں نے تقریب جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔ دولہا گلبرٹ چیکو کا کہنا تھا کہ انہوں نے شادی کی مکمل تیاری کر رکھی تھی اور انہیں اس بات کی فکر نہیں تھی کہ گاؤن یا کوٹ بھیگ جائے گا۔

جوڑے کی خواہش کو مدنظر رکھتے ہوئے چرچ عملے نے بھی محدود وسائل کے باوجود تقریب کو ممکن بنانے میں تعاون کیا، تاکہ سیلاب کے درمیان ہونے والی یہ شادی ان دونوں کے لیے یادگار بن سکے۔

فلپائن میں اگست کے دوران معمول سے زیادہ مون سون بارشوں کے باعث ملک کے شمالی علاقوں میں اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات پیش آئے، جن میں رپورٹس کے مطابق 34 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US