سیلاب کے ملبے سے کروڑوں کا خزانہ برآمد، بینک کا لاکر بھی مل گیا

image

نیپال میں تباہ کن سیلاب نے جہاں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان کیا، وہیں تباہی کے بعد ملبے تلے دبی کروڑوں روپے کی قیمتی اشیا بھی سامنے آنے لگی ہیں۔ پولیس نے تریشولی میں ایک بینک کے ملبے سے لاکرز تلاش کرکے ان میں موجود سونا، نقد رقم اور اہم دستاویزات محفوظ مقام پر منتقل کر دی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق نیپال پولیس نے کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد کرشی وکاس بینک کی تریشولی ڈھونگے شاخ کے بیسمنٹ سے لاکرز برآمد کیے۔ پولیس کے مطابق ان میں تقریباً 50 کروڑ نیپالی روپے مالیت کا سونا، ڈیڑھ کروڑ نیپالی روپے نقد اور اہم دستاویزات موجود تھیں۔

پولیس اہلکاروں نے بینک کے ملبے تک پہنچنے کے لیے بھاری مشینری استعمال کی اور راستہ صاف کرنے کے بعد لاکرز نکالے۔ نیپال پولیس کی جانب سے جاری ویڈیو میں اہلکاروں کو ملبہ ہٹاتے جبکہ بعد میں لاکرز کو جے سی بی مشینوں کے ذریعے محفوظ مقام پر منتقل کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حالیہ سیلاب نے نیپال کے کئی علاقوں کو شدید متاثر کیا ہے۔ متعدد عمارتیں، گاڑیاں اور دیگر املاک کئی فٹ ملبے تلے دب چکی ہیں، جبکہ کئی بینک بھی اس تباہی کی زد میں آئے ہیں۔

اس سے ایک روز قبل بھی ایک بینک کی تجوری سیلابی ریلے میں بہہ کر تریشولی ندی کے راستے دھاڈنگ پہنچ گئی تھی۔ پولیس کے مطابق تجوری توڑ کر رقم نکالنے کے الزام میں 29 افراد کو گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے 92 لاکھ 68 ہزار 505 نیپالی روپے برآمد ہوئے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US