"جنات کی بات کریں تو میں جنات کا بادشاہ ہوں، اور آج میں آپ کے شو پر یہ بات بتا رہا ہوں۔ اس وقت ایک جن میرے ساتھ ہے اور میں مذاق نہیں کر رہا، یہ حقیقت ہے۔ میرے آباؤ اجداد کے پاس بھی جنات تھے۔ میرے والد کے انتقال کے بعد ایک جن 12 سال سے میرے ساتھ ہے، اس کا نام نجیب ہے۔"
معروف پاکستانی اداکار اور پروڈیوسر سید محسن گیلانی نے ایک ڈیجیٹل پوڈکاسٹ میں جنات سے متعلق حیران کن دعویٰ کرکے سب کو چونکا دیا۔ عبدالہئی صدیقی کے پوڈکاسٹ ’’دی بلیو ٹروتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے خود کو ’’جنات کا بادشاہ‘‘ قرار دیا اور دعویٰ کیا کہ ایک جن گزشتہ 12 برس سے ان کے ساتھ موجود ہے۔
محسن گیلانی نے کہا کہ جنات انسانوں کو نقصان نہیں پہنچاتے بلکہ صرف اپنی موجودگی کا احساس دلاتے ہیں۔ ان کے مطابق جنات بھی اللہ کی مخلوق ہیں اور ان کے اپنے مذہبی فرقے بھی ہوتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ جنات انسانوں سے ڈرتے ہیں اور وہ انسانوں کے تابع ہو کر کھانا پکانے یا انسانوں کی خدمت کرنے جیسے کام نہیں کرتے۔
اداکار نے اپنی بات کی تائید میں اداکار احسن خان کا حوالہ بھی دیا۔ انہوں نے کہا کہ احسن خان سے اس حوالے سے پوچھا جا سکتا ہے کیونکہ ایک مرتبہ وہ رات 2 بجے ملتان میں حضرت بہاؤالدین زکریا کے مزار پر موجود تھے اور محسن گیلانی نے انہیں وہاں کسی شخص سے ملاقات بھی کروائی تھی۔
دوسری جانب محسن گیلانی نے روحانی وظائف کے حوالے سے سورۃ الرحمٰن اور سورۃ الفاتحہ کی تلاوت کی بھی تلقین کی۔ ان کا کہنا تھا کہ صحت کے مسائل کی صورت میں سورۃ الرحمٰن سننے یا پڑھنے کے ساتھ اس کا ترجمہ بھی ضرور سمجھنا چاہیے۔ انہوں نے ان دونوں سورتوں کو مسلمانوں کے لیے اللہ کی جانب سے انتہائی قیمتی تحفے اور معجزات قرار دیا۔