مشی خان نے فریال گوہر کے سابق شوہر کے ساتھ بیٹھنے پر سوال اٹھا دیا

image

"حال ہی میں میں نے فریال گوہر کی ایک ویڈیو کلپ دیکھی۔ وہ ایک بہترین انسان ہیں اور ان کا حسِ مزاح بھی بہت اچھا ہے۔ چند ماہ قبل وہ ایک مارننگ شو میں اپنے سابق شوہر کے ساتھ بیٹھی ہوئی تھیں اور ایسا دکھائی دے رہا تھا جیسے دونوں کے درمیان تعلقات بہت خوشگوار ہوں۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ان کا اپنی ساس کے ساتھ اچھا تعلق تھا۔

اب وہ دوبارہ سامنے آئی ہیں اور 35 سال قبل ہونے والی اپنی مبینہ ازدواجی زندگی کی خوفناک تفصیلات بتائی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس وقت کم عمر تھیں اور تعلیم حاصل کر رہی تھیں، انہیں چمڑے کی بیلٹ سے مارا جاتا تھا اور گردوں کے اردگرد بھی تشدد کیا جاتا تھا۔

یہ بات سمجھ نہیں آتی کہ اگر یہ شادی اتنی ہی تشدد زدہ تھی تو پھر آپ قومی ٹیلی ویژن پر اس شخص کے ساتھ کیوں بیٹھیں جس نے آپ پر اتنا شدید تشدد کیا؟ آپ کو کروڑوں روپے بھی دیے جاتے تو آپ کو یہ پیشکش ٹھکرا دینی چاہیے تھی۔ آپ کو ایسے شخص کے قریب بھی نہیں جانا چاہیے، اسے دیکھنا بھی نہیں چاہیے اور اس کے وجود کو بھی تسلیم نہیں کرنا چاہیے۔ لیکن آپ پھر بھی اس کے ساتھ بیٹھیں، پرانی یادیں اور محبت کے قصے یاد کیے۔"

پاکستانی اداکارہ مشی خان نے سینئر اداکارہ فریال گوہر کے حالیہ انکشافات پر ردعمل دیتے ہوئے ان کے سابق شوہر جمال شاہ کے ساتھ دوبارہ ٹی وی شو میں بیٹھنے کے فیصلے پر سخت سوالات اٹھا دیے ہیں۔

فریال گوہر نے حال ہی میں اپنی پہلی شادی کے بارے میں چونکا دینے والے انکشافات کیے تھے۔ اداکارہ کے مطابق یہ رشتہ انتہائی تکلیف دہ تھا اور انہیں مبینہ طور پر چمڑے کی بیلٹ سے تشدد کا نشانہ بنایا جاتا تھا۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اس تشدد کے باعث انہیں متعدد بار حمل ضائع ہونے کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ سسرال میں بھی انہیں سخت پابندیوں کا سامنا رہا۔

فریال گوہر کے ان انکشافات کے بعد جہاں متعدد مداحوں نے ان کا ساتھ دیا، وہیں کچھ لوگوں نے اس بات پر سوال اٹھایا کہ اگر ماضی کا رشتہ واقعی اتنا اذیت ناک تھا تو وہ کچھ عرصہ قبل اپنے سابق شوہر کے ساتھ قومی ٹی وی پر کیوں نظر آئیں۔

اب مشی خان بھی اسی معاملے پر کھل کر بول پڑی ہیں۔ انہوں نے فریال گوہر کی جانب سے ماضی کے مبینہ تشدد کے باوجود جمال شاہ کے ساتھ ایک مارننگ شو میں خوشگوار انداز میں بیٹھنے کو ناقابلِ فہم قرار دیا اور کہا کہ ایسے شخص سے مکمل دوری اختیار کرنا زیادہ مناسب تھا۔

مشی خان کے سخت تبصرے کے بعد فریال گوہر کے ماضی، ان کے حالیہ انکشافات اور جمال شاہ کے ساتھ ان کی ٹی وی پر موجودگی ایک بار پھر سوشل میڈیا پر زیرِ بحث آگئی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US