بلوچستان کی لوک گلوکارہ مائی صوبھائی فائرنگ سے قتل

image

بلوچستان سے تعلق رکھنے والی معروف لوک گلوکارہ مائی صوبھائی کو ڈیرہ بگٹی میں فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا، جس کے بعد ایک اور باصلاحیت خاتون صنفی تشدد کا نشانہ بن کر جان سے ہاتھ دھو بیٹھی۔

مائی صوبھائی ڈیرہ بگٹی کے بگٹی قبیلے سے تعلق رکھتی تھیں اور انہیں قبیلے کی پہلی خاتون گلوکارہ ہونے کا اعزاز حاصل تھا، جو مقامی لوک موسیقی کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرتی تھیں۔

نجی چینل کے مطابق مسلح افراد مائی صوبھائی کو قتل کرنے کی غرض سے ان کے پاس پہنچے اور فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں، جبکہ حملہ آور واردات کے بعد فرار ہوگئے۔

واقعے کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہیں، تاہم قتل کی وجوہات اور ملزمان کے حوالے سے تاحال کوئی حتمی رپورٹ سامنے نہیں آئی۔

خواتین کے خلاف تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات نے ایک بار پھر معاشرے میں خواتین کے تحفظ اور ان کے بنیادی حقوق سے متعلق سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US