’’میں نے احسن خان سے نرما کی وجہ سے بریک اپ کیا تھا۔‘‘
اداکارہ و ماڈل لیلیٰ کا ایک پرانا انٹرویو ایک بار پھر سوشل میڈیا پر گردش کر رہا ہے، جس میں انہوں نے اپنی پہلی محبت احسن خان سے تعلق ختم ہونے کی وجہ بتائی تھی۔ فضا علی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے لیلیٰ نے کہا تھا کہ ان کی اور احسن خان کی جدائی کی وجہ اداکارہ نرما بنی تھیں۔
لیلیٰ نے کم عمری میں شوبز کی دنیا میں قدم رکھا اور معروف اداکارہ شمیم آرا نے انہیں فلمی دنیا میں متعارف کرایا۔ اس کے بعد انہوں نے اداکاری اور ماڈلنگ میں اپنی جگہ بنائی اور 90 کی دہائی کے آخر سے اب تک شوبز کا حصہ ہیں۔
احسن خان کے بارے میں لیلیٰ ماضی میں کئی انٹرویوز میں بتا چکی ہیں کہ وہ ان کی زندگی کی پہلی محبت تھے۔ دونوں کی ملاقات اس وقت ہوئی تھی جب لیلیٰ نے فلمی دنیا میں باقاعدہ قدم بھی نہیں رکھا تھا۔ دوستی آگے بڑھی اور دونوں ایک دوسرے کے قریب آگئے، تاہم کچھ عرصے بعد یہ رشتہ ختم ہوگیا۔
لیلیٰ نے مختلف ٹی وی پروگرامز میں یہ بھی اعتراف کیا کہ پہلی محبت سے جڑی یادیں ان کے دل میں طویل عرصے تک موجود رہیں۔ اب ان کے اسی پرانے انٹرویو کے دوبارہ سامنے آنے کے بعد مداح ماضی کے اس رشتے پر ایک بار پھر بات کررہے ہیں۔
احسن خان بعد میں شادی کرچکے ہیں اور چار بچوں کے والد ہیں، جبکہ لیلیٰ اب بھی غیر شادی شدہ ہیں۔ وہ کئی مواقع پر اپنی زندگی میں محبت کے انتظار کا ذکر بھی کرچکی ہیں۔