دنیا میں اے آئی سے چلنے والے نگرانی کے کیمروں کے بڑھتے استعمال کے درمیان جرمن ڈیزائنر سائمن ویکرٹ نے ایک منفرد ڈیجیٹل کیموفلاج شرٹ تیار کی ہے جو بعض اے آئی سسٹمز کو اسے پہننے والے شخص کی شناخت سے روکنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
رنگ برنگے اور بظاہر عجیب ڈیزائن والی اس شرٹ کا پیٹرن خاص طور پر اس طرح تیار کیا گیا ہے کہ کمپیوٹر وژن سسٹمز انسان کے جسم سے متعلق بصری علامات کو درست طور پر شناخت نہ کرسکیں۔
ویکرٹ کے تجربات میں اوپن سورس YOLO آبجیکٹ ڈیٹیکشن سسٹم نے اردگرد موجود افراد کو ’پرسن‘ کے طور پر شناخت کیا تاہم شرٹ پہننے والے کو بعض مواقع پر شناخت کرنے میں ناکام رہا۔
ماہرین کے مطابق یہ شرٹ ہر قسم کے نگرانی کے نظام کے خلاف مؤثر ہونے کی ضمانت نہیں دیتی۔ ویکرٹ بھی اسے سیکیورٹی یا مکمل گمنامی کا ذریعہ نہیں بلکہ اے آئی نگرانی کی خامیوں کو اجاگر کرنے والا آرٹ پروجیکٹ قرار دیتے ہیں۔