بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے ضلع بیڑ میں ایک خاندان میں تقریباً 200 سال بعد بیٹی کی پیدائش پر خوشی کا اظہار کیا گیا۔ خاندان کے مطابق گزشتہ تقریباً پانچ نسلوں سے ان کے ہاں کسی لڑکی کی پیدائش نہیں ہوئی تھی جس کے باعث نومولود بچی کی آمد ان کے لیے خاص اہمیت رکھتی ہے۔
بچی کی پیدائش پر خاندان نے خصوصی اہتمام کیا اور اسے خوش آمدید کہنے کے لیے تقریب منعقد کی جس میں مقامی افراد نے بھی شرکت کی۔ نومولود کا استقبال ایک خاص انداز میں کیا گیا جسے خاندان نے اپنی دیرینہ خواہش کی تکمیل قرار دیا۔
بچی کے دادا میڈیا سے گفتگو کے دوران جذباتی ہوگئے۔ ان کا کہنا تھا کہ خاندان میں بیٹی کی پیدائش ان کے لیے خوش قسمتی کی علامت ہے اور کئی برسوں سے گھر میں بیٹی نہ ہونے کا افسوس تھا جو اب ختم ہوگیا ہے۔
بچی کی دادی نے بھی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پورا خاندان اس پیدائش پر بہت خوش ہے اور انہیں محسوس ہورہا ہے کہ ان کے گھر خوشیاں آئی ہیں۔ بچی کے والد کا کہنا تھا کہ بیٹی کی آمد نے پورے خاندان کے ماحول کو بدل دیا ہے۔
خاندان کے مطابق اس موقع پر جشن منانے کا مقصد صرف اپنی خوشی کا اظہار کرنا نہیں بلکہ یہ پیغام دینا بھی تھا کہ بیٹی کی پیدائش کو بھی بیٹے کی طرح خوشی اور فخر کا موقع سمجھا جانا چاہیے۔