’’میرے ذہن میں صرف بیٹیوں کا مستقبل تھا‘‘، ماں نے ننگے پاؤں دوڑ کر جیت لیا انعام

image

’’میں یہ دوڑ جیتنا چاہتی تھی کیونکہ میرے ذہن میں صرف اپنی بیٹیوں کا مستقبل تھا۔ میں انعام کی رقم سے ان کے لیے کتابیں خریدنا چاہتی ہوں۔‘‘

یہ الفاظ 47 سالہ رمابائی رانویر کے ہیں، جنہوں نے بیٹیوں کی تعلیم کے لیے اپنی جدوجہد کو ایک منفرد انداز میں کامیابی میں بدل دیا۔

بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے ضلع بیڑ کے علاقے امباجوگائی میں ہونے والی مقامی ’امرت دوڑ‘ میں رمابائی نے ساڑھی پہن کر شرکت کی اور ننگے پاؤں دوڑتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔

رمابائی ایک مقامی اکیڈمی میں باورچی کے طور پر کام کرتی ہیں۔ شوہر کی ممبئی میں ایک حادثے کے دوران موت کے بعد دونوں بیٹیوں کی پرورش اور تعلیم کی ذمہ داری ان کے کندھوں پر آگئی۔ محدود آمدن کے باوجود انہوں نے بیٹیوں کی پڑھائی روکنے کے بجائے خود اسی اکیڈمی میں ملازمت اختیار کرلی جہاں ان کی بڑی بیٹی زیرِ تعلیم تھی۔

دوڑ کے دن رمابائی سادہ ساڑھی اور چپل میں میدان میں اتریں، لیکن کچھ ہی دیر بعد چپل بار بار پاؤں سے نکلنے لگی۔ انہوں نے چپل اتار کر ہاتھ میں پکڑی اور پتھریلی سڑک پر ننگے پاؤں دوڑ جاری رکھی۔ ساڑھی سنبھالتے ہوئے وہ ایک ایک کرکے دیگر شرکا سے آگے نکلتی گئیں اور سب سے پہلے فنش لائن عبور کرلی۔

مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر انہیں 3 ہزار روپے انعام ملا۔ رمابائی کے مطابق وہ یہ رقم بیٹیوں کی تعلیم کے لیے استعمال کرنا چاہتی ہیں۔ ان کی کوششوں اور حوصلے کو دیکھ کر موقع پر موجود لوگوں نے بھی انہیں بھرپور داد دی۔

اس کامیابی کو مزید خاص بنا دیا رمابائی کی بیٹی پوجا نے، جس نے اسی دوڑ میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔ پوجا کے مطابق انہوں نے ہی اپنی والدہ کو مقابلے میں حصہ لینے کے لیے کہا تھا، لیکن انہیں اندازہ نہیں تھا کہ وہ پہلی پوزیشن حاصل کرلیں گی۔

پوجا اس وقت پولیس میں بھرتی کے امتحان کی تیاری کررہی ہیں اور پولیس افسر بننے کا خواب دیکھتی ہیں، جبکہ ان کی بہن بینکنگ کے امتحانات کی تیاری میں مصروف ہے۔ دونوں بیٹیوں کی تعلیم جاری رکھنے کے لیے رمابائی کی محنت اس بات کی مثال ہے کہ محدود وسائل کے باوجود والدین اپنی اولاد کے بہتر مستقبل کے لیے کس حد تک کوشش کرسکتے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US