کولمبیا کی 67 سالہ مریم نے محلے کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کی اپنی عادت کو ایک ایسے کام میں بدل دیا جس سے وہ مبینہ طور پر دو گھر خریدنے میں کامیاب ہوگئیں۔
مریم کا معمول ہے کہ وہ صبح کے وقت نوٹ بک لے کر گھر کے باہر بیٹھتی ہیں اور آس پاس ہونے والی سرگرمیوں کو غور سے دیکھتی رہتی ہیں۔ محلے میں کون کہاں جا رہا ہے، کس سے ملاقات ہو رہی ہے یا کوئی نیا معاملہ کیا شکل اختیار کر رہا ہے، وہ اپنی نظر میں اہم معلومات لکھ لیتی ہیں۔
بعد ازاں یہی معلومات ان لوگوں تک پہنچانا ان کی آمدنی کا ذریعہ بن گیا جو محلے کے حالات اور لوگوں سے متعلق تازہ معلومات جاننے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ مریم کے مطابق کئی برس تک اس کام کے ساتھ رقم بچانے کا سلسلہ بھی جاری رکھا، جس کا نتیجہ بالآخر دو گھروں کی صورت میں سامنے آیا۔
مریم نے مختلف انٹرویوز میں دعویٰ کیا کہ اردگرد کے لوگوں اور روزمرہ واقعات سے باخبر رہنے کی عادت نے انہیں مالی طور پر فائدہ پہنچایا۔ تاہم ان کے اس کام کی وجہ سے بعض اوقات پڑوسیوں سے اختلاف بھی پیدا ہو جاتا ہے۔
اس کے باوجود اب تک ان کے خلاف کسی قانونی کارروائی کی اطلاع نہیں ملی۔ یوں جس چیز کو عام طور پر لوگ محلے کی گپ شپ سمجھ کر نظر انداز کر دیتے ہیں، مریم نے اسی مشغلے کو مبینہ طور پر آمدنی کے ایک مستقل ذریعے میں تبدیل کرلیا۔