بھارت میں 19 سالہ کالج طالبہ پر الزام ہے کہ اس نے اپنے بوائے فرینڈ کے لیے نئی بائیک خریدنے کی خاطر سونے کے زیورات چوری کیے تاہم پولیس کی تفتیش کے بعد معاملہ سامنے آیا اور اسے گرفتار کرلیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست تامل ناڈو کے شہر پولاچی میں پیش آیا جہاں پولیس نے گورنمنٹ آرٹس کالج کی سیکنڈ ایئر کی طالبہ آر جوئے پرنسی کو گرفتار کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی نے اپنے والد کے دوست کے گھر سے زیورات اٹھائے تھے۔
پولیس کے مطابق 16 اگست کو طالبہ 59 سالہ ایچ تامل سیلوان کے گھر گئی، جو اس کے والد راجیش کے دوست ہیں۔ لڑکی کے وہاں سے جانے کے بعد تامل سیلوان نے اپنی الماری دیکھی تو اس میں رکھے سونے کے زیورات غائب تھے، جس پر انہوں نے پولیس سے رجوع کیا۔
تفتیش کے دوران پولیس نے جوئے پرنسی سے پوچھ گچھ کی جس میں اس نے مبینہ طور پر چوری کا اعتراف کیا۔ حکام کے مطابق طالبہ نے بتایا کہ زیورات فروخت کرکے حاصل ہونے والی رقم سے اس نے اپنے بوائے فرینڈ جناگن سیوا کے لیے نئی موٹر سائیکل خریدی۔
پولیس نے ملزمہ کو عدالت میں پیش کیا جہاں سے اسے عدالتی تحویل میں کوئماتور سینٹرل جیل بھیج دیا گیا۔ دوسری جانب پولیس اس کے مبینہ ساتھی جناگن سیوا کی تلاش میں چھاپے مار رہی ہے، جو گرفتاری سے بچنے کے لیے فرار ہے۔