یورپی ملک ہنگری میں ایک ایسا منفرد مقابلہ منعقد ہوا جس میں شرکا نے سب سے تیزی سے قبر کھودنے اور اسے تدفین کے لیے تیار کرنے کا مقابلہ کیا۔
ہنگری کے ایک قبرستان میں 38 افراد نے مقابلے میں حصہ لیا جنہیں 19 ٹیموں میں تقسیم کیا گیا۔ ہر ٹیم میں دو افراد شامل تھے اور انہیں مقررہ معیار کے مطابق کم سے کم وقت میں قبر تیار کرنا تھی۔
مقابلے کے منتظمین کے مطابق اس سرگرمی کا مقصد موت سے متعلق توہمات اور غلط تصورات کی روک تھام کے ساتھ ساتھ قبر کھودنے والوں کو اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتیں دکھانے کا موقع فراہم کرنا تھا۔
مقابلے میں کامیاب ہونے والی ٹیم کے رابرٹ نیگی اور لاسزلو کس نے ایک گھنٹہ 21 منٹ میں قبر کی کھدائی مکمل کی۔ فاتح ٹیم کے مطابق اس مقابلے میں قبر کی خوبصورتی سے زیادہ رفتار اور درست پیمائش کو اہمیت دی گئی۔
فاتحین کا کہنا تھا کہ تدفین کے لیے قبر کھودتے وقت پیمائش کا خاص خیال رکھنا پڑتا ہے جبکہ قبر کی ساخت بھی مناسب اور خوبصورت ہونی چاہیے۔
فاتح ٹیم کی تیار کردہ قبر 1.6 میٹر گہری، 2 میٹر لمبی اور 0.8 میٹر چوڑی تھی، جبکہ کامیاب ٹیم کو 640 ڈالرز کا انعام دیا گیا۔