متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں منعقدہ بین الاقوامی نمائش کے دوران انتہائی نایاب خالص سفید باز 15 لاکھ درہم یعنی تقریباً 4 لاکھ 8 ہزار امریکی ڈالر میں نیلام ہوگیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ’’قرموشہ پیور الٹرا وائٹ‘‘ نامی باز کو امریکا کے معروف مارک موگلچ فالکن فارم میں پالا گیا تھا۔ تقریباً ایک کلوگرام وزنی اس باز کے مکمل سفید پر اور منفرد جسمانی ساخت نے نیلامی میں بولی دہندگان کی بھرپور توجہ حاصل کی۔
یہ باز ابوظہبی انٹرنیشنل ہنٹنگ اینڈ ایکوسٹرین ایگزیبیشن 2026 کی 23ویں ایڈیشن کے دوران نیلامی کے پانچویں مرحلے میں فروخت ہوا اور رواں سال کی نمائش میں سب سے زیادہ قیمت میں نیلام ہونے والے باز کا اعزاز حاصل کرلیا۔
نمائش میں متحدہ عرب امارات سمیت مختلف ممالک کے 55 معروف فالکن بریڈنگ اور کیئر فارمز شریک ہیں جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 20 فیصد زیادہ ہیں۔
خلیجی معاشروں میں باز پالنا اور باز کے ذریعے شکار صدیوں پرانی روایت ہے جبکہ متحدہ عرب امارات میں باز کو طاقت، جرأت اور فخر کی علامت بھی سمجھا جاتا ہے۔