ساہیوال کی طارق بن زیاد کالونی سے تعلق رکھنے والی باہمت لڑکی نے روایتی ملازمت کے بجائے اپنے خوابوں کو ترجیح دیتے ہوئے بینک کی نوکری چھوڑ دی اور اپنا چائے کا کیفے قائم کرلیا۔
لڑکی کے مطابق بینک کی ملازمت میں انسان ایک حد تک محدود ہوکر رہ جاتا ہے اور صرف ایک تنخواہ پر اپنے خواب پورے کرنا ممکن نہیں، اسی لیے انہوں نے ملازمت چھوڑ کر کاروبار شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے ’’WARDA'S TEA LOUNGE‘‘ کے نام سے اپنا چائے کا کیفے قائم کیا، جس کا آغاز 2025 میں کیا گیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ کاروبار شروع کرنے کے وقت انہوں نے سوشل میڈیا پر اس کی تشہیر نہیں کی تھی۔
تاہم اب جب وہ سوشل میڈیا پر سامنے آئیں تو لوگوں کی جانب سے انہیں بھرپور پذیرائی اور حوصلہ افزائی مل رہی ہے۔
باہمت لڑکی نے بتایا کہ کاروبار شروع کرنے کے فیصلے میں ان کے گھر والوں نے بھی بھرپور ساتھ دیا۔ اہلِ خانہ ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’’یہ ہماری لڑکی نہیں، لڑکا ہے۔‘‘
خواتین کے نام اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ خواتین کسی سے کم نہیں، انہیں اپنی زندگی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیے بلکہ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے ضروری اور درست قدم اٹھانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اگر انسان اپنے خوابوں پر یقین رکھے اور انہیں حقیقت میں بدلنے کے لیے ہمت کرے تو مشکلات کے باوجود کامیابی کی راہ نکالی جا سکتی ہے۔