کھانا ہی روزگار تھا، ینگ ینگ کی اچانک موت نے مک بانگ ٹرینڈ پر بحث چھیڑ دی

image

چین کی معروف مک بانگ انفلوئنسر چن زیئی جو سوشل میڈیا پر ینگ ینگ کے نام سے مشہور تھیں صرف 24 سال کی عمر میں انتقال کرگئیں۔

ان کے والدین نے 4 ستمبر کو انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ینگ ینگ 17 اگست کو دنیا سے رخصت ہوئی تھیں، تاہم موت کی باضابطہ وجہ ظاہر نہیں کی گئی۔

ینگ ینگ کے سوشل میڈیا پر 10 لاکھ سے زائد فالوورز تھے اور وہ مک بانگ ویڈیوز اور لائیو اسٹریمز میں بڑی مقدار میں کھانا کھانے کے لیے مشہور تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ زیادہ کھانے سے لائیو اسٹریم کی کارکردگی بہتر ہونے کے باعث ان پر مسلسل کھانے کا دباؤ رہتا تھا۔

انتقال سے صرف تین روز قبل اپنی آخری ویڈیو میں ینگ ینگ نے بتایا تھا کہ انہیں خون میں پوٹاشیم کی شدید کمی کے باعث اسپتال داخل ہونا پڑا، جہاں ان کا پوٹاشیم لیول 2.3 mmol/L تک گر گیا تھا۔ انہوں نے بتایا تھا کہ اس سے قبل بھی انہیں کئی مرتبہ پوٹاشیم کی شدید کمی کا سامنا ہوچکا ہے۔

رپورٹس کے مطابق ینگ ینگ نے ایک لائیو اسٹریم کے دوران 60 سے 70 انڈے کھانے کا دعویٰ بھی کیا تھا تاہم اس کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی۔

بعض رپورٹس میں ان کی موت کو شدید پوٹاشیم کی کمی کے بعد دل بند ہونے سے جوڑا گیا ہے، تاہم اہلِ خانہ یا کسی سرکاری طبی ذریعے نے موت کی وجہ کی تصدیق نہیں کی۔ ینگ ینگ کی موت کے بعد انتہائی مقدار میں کھانا کھانے والے مک بانگ ٹرینڈ اور اس کے ممکنہ صحت کے خطرات پر سوشل میڈیا پر بحث دوبارہ شروع ہوگئی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US