سابق وزیراعظم نواز شریف کی نواسی اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی صاحبزادی ماہ نور صفدر کے نکاح کی تصاویر اور ویڈیوز سامنے آنے کے بعد تقریب میں شریک افراد کے لباس، زیورات، گھڑیوں اور بیگز بھی سوشل میڈیا پر زیرِ بحث ہیں۔ لاہور کے جاتی امرا میں ہونے والی اس نجی تقریب میں خاندان کے قریبی افراد اور بعض اہم شخصیات نے شرکت کی۔
ماہ نور صفدر کے نکاح کی تقریب میں معروف عالمِ دین مفتی راغب حسین نعیمی نے نکاح پڑھایا۔ سابق وزیراعظم نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف، حسن نواز، حسین نواز، اسحاق ڈار، علی ڈار، مریم اورنگزیب اور خاندان کے دیگر افراد بھی اس موقع پر موجود تھے۔
مریم نواز نے بیٹی کے نکاح کے لیے معروف پاکستانی ڈیزائنر پرنیان بائے عائشہ کا تیار کردہ لباس پہنا۔ اطلاعات کے مطابق اس لباس کی قیمت تقریباً 7 لاکھ روپے ہے، جس میں چائنا را سلک اور چینٹیلی لیس کے ساتھ نفیس کڑھائی کا کام کیا گیا تھا۔
ماہ نور صفدر کے شوہر اذان جبار بھی اپنی گھڑی کے باعث توجہ کا مرکز بنے۔ تصاویر میں انہیں Patek Philippe کی Cubitus گھڑی پہنے دیکھا گیا، جس کی ریٹیل قیمت تقریباً 45 ہزار امریکی ڈالر یعنی قریب 1 کروڑ 24 لاکھ پاکستانی روپے بتائی جاتی ہے۔
مریم نواز کی بہو اور جنید صفدر کی اہلیہ شانزے علی روحیل نے اس موقع پر بھارتی ڈیزائنر منیش ملہوترا کا لباس زیب تن کیا، جس کی قیمت تقریباً 35 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔ ان کے ہاتھ میں موجود Judith Leiber بیگ کی قیمت بھی تقریباً 17 لاکھ 42 ہزار روپے بتائی جا رہی ہے۔
دلہن ماہ نور صفدر نے معروف پاکستانی ڈیزائنر ندا اظور کا ہلکے سنہری رنگ کا عروسی لباس منتخب کیا، جس پر فیروزی، گلابی، سنہری اور سلور رنگوں کی کڑھائی نمایاں تھی۔ اس لباس کی قیمت تقریباً 15 لاکھ روپے بتائی گئی ہے، جبکہ ان کے ساتھ نظر آنے والے Jimmy Choo بیگ کی قیمت تقریباً 14 لاکھ روپے ہے۔
ماہ نور نے اس موقع پر Rolex کی گھڑی بھی پہن رکھی تھی، جس کی قیمت ماڈل اور مارکیٹ ویلیو کے حساب سے تقریباً 19 سے 27 لاکھ روپے کے درمیان بتائی جاتی ہے۔ ان کے برائیڈل لُک کے لیے میک اپ اسٹوڈیو بائے سحرش سے سافٹ آئیوری میک اپ کروایا گیا جبکہ بال نیم کھلے انداز میں رکھے گئے۔
دستیاب قیمتوں کے مطابق مریم نواز، اذان جبار، شانزے علی روحیل اور ماہ نور صفدر کے نمایاں لباس، بیگز اور گھڑیوں کی مجموعی مالیت تقریباً 2 کروڑ 16 لاکھ سے 2 کروڑ 24 لاکھ روپے کے درمیان بنتی ہے۔ یہ تمام اعداد و شمار مختلف رپورٹس میں بتائی گئی یا اندازاً مارکیٹ قیمتوں پر مبنی ہیں، اس لیے اصل قیمت اس سے مختلف ہوسکتی ہے۔
ماہ نور صفدر کا نکاح معروف صنعتکار جبار خالد کے صاحبزادے اذان جبار سے ہوا ہے۔ دونوں نے لندن کی SOAS یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کی ہے۔