8 سال سے روپوش مجرم کی ڈرامائی گرفتاری، پولیس نے کیسے سراغ لگایا؟

image

ترکیہ میں پولیس نے خاتون کا روپ دھار کر 8 سال تک قانون کی گرفت سے بچنے والے مفرور مجرم طغرل بشر کو استنبول سے گرفتار کرلیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق طغرل بشر کو 2018 میں چوری اور سرکاری اہلکار کا روپ دھارنے کے 3 مقدمات میں 3 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی تاہم سزا شروع ہونے سے قبل وہ فرار ہوگیا۔

فرار کے بعد اس نے اپنی شکل و صورت تبدیل کرکے خاتون کا روپ دھار لیا اور استنبول میں سفر کے دوران اپنی بہن کا شناختی کارڈ استعمال کرتا رہا، جس کے باعث پولیس کیلئے اسے پرانی تصاویر کی مدد سے تلاش کرنا مشکل ہوگیا۔

پولیس نے روایتی طریقوں سے ناکامی کے بعد اس کی نقل و حرکت اور روزمرہ سرگرمیوں کی نگرانی شروع کی۔ تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ بیرون ملک موجود اس کی بہن کے کریڈٹ کارڈ سے ترکیہ میں خریداری کی جارہی ہے۔

خریداری کے ریکارڈ کی مدد سے پولیس نے استنبول کے ضلع کادیکوئی میں چھاپہ مار کر طغرل بشر کو گرفتار کرلیا۔ فنگر پرنٹس کی تصدیق سے بھی ثابت ہوگیا کہ گرفتار شخص 2018 سے مطلوب طغرل بشر ہی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US