کیا پانچ نسلوں کی سالگرہ ایک ہی دن ہوسکتی ہے؟ حیران کن عالمی ریکارڈ

image

امریکی ریاست آئیووا کے ایک خاندان نے پانچ نسلوں کے افراد کی ایک ہی تاریخ پر پیدائش کا منفرد عالمی ریکارڈ قائم کرلیا، جس کی گنیز ورلڈ ریکارڈز نے بھی تصدیق کردی ہے۔

گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق فریڈ ہارلو اور ان کے خاندان کی پانچ نسلوں کے افراد 14 ستمبر کو پیدا ہوئے۔ اس منفرد سلسلے کا آغاز فریڈ ہارلو کے دادا ولبر سے ہوا، جس کے بعد ان کی والدہ ایڈی، پھر خود فریڈ، ان کی بیٹی ایما بیل اور آخر میں ان کے نواسے آرتھر کی پیدائش بھی اسی تاریخ کو ہوئی۔

فریڈ ہارلو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کی پیدائش ہمیشہ ایک تحفہ ہوتی ہے اور خاندان کے لیے یہ اتفاق شروع سے ہی دلچسپ تھا، تاہم انہوں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ یہ انہیں عالمی ریکارڈ تک پہنچا دے گا۔

خاندان کی پانچویں نسل کے رکن آرتھر کی پیدائش 14 ستمبر 2025 کو ہوئی جس کے بعد خاندان نے باضابطہ طور پر گنیز ورلڈ ریکارڈز سے رابطہ کرکے اس منفرد ریکارڈ کی تصدیق کرائی۔

ایما بیل کے مطابق ان کی دادی اکثر ان سے کہا کرتی تھیں کہ انہیں 14 ستمبر کو بیٹا پیدا کرنا چاہیے۔ ان کا پہلا بچہ مقررہ وقت سے پہلے پیدا ہوا تھا، اس لیے انہوں نے دوسرے بچے کی متوقع تاریخ کے حوالے سے خاص طور پر 14 ستمبر کو اہم سمجھا۔

ایما بیل نے بتایا کہ آرتھر بالکل مقررہ تاریخ 14 ستمبر کو پیدا ہوا جس پر پورا خاندان بے حد خوش ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ان کی دادی اس موقع پر موجود ہوتیں تو انہیں اس منفرد کامیابی پر بہت فخر ہوتا۔

اس خاندان کی مشترکہ سالگرہ کی ایک اور دلچسپ بات یہ ہے کہ پانچ نسلوں کے افراد کی جنس کی ترتیب بھی منفرد ہے۔ خاندان میں یہ سلسلہ لڑکا، لڑکی، لڑکا، لڑکی اور لڑکا ہے، یعنی پانچ نسلوں میں یہ ترتیب ابتدا سے آخر تک برقرار رہی۔

یوں ایک ہی خاندان کی پانچ نسلوں کا ایک ہی دن پیدا ہونا نہ صرف خاندان کے لیے یادگار اتفاق بن گیا بلکہ اسے گنیز ورلڈ ریکارڈ میں بھی جگہ مل گئی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US