کیمرون او رائلی: جمائما خان کے ارب پتی شوہر کون ہیں؟

جمائما نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی شادی کی تقریب کی بہت سی تصاویر پوسٹ کر کے اپنے فالوورز کو اس تقریب کی ایک جھلک دکھائی ہے۔

برطانوی فلم پروڈیوسر جمائما خان نے 12 ستمبر کو کیمرون او رائلی کے ساتھ ہونے والی اپنی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے اپنے اہلخانہ اور دوستوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔

برطانوی ذرائع ابلاغ پر 52 سالہ جمائما خان کی کیمرون او رائلی کے ساتھ شادی کی خبریں گذشتہ تین روز قبل اُس وقت سامنے آنا شروع ہوئیں تھیں جب اُن (جمائما) کے چھوٹے بھائی بین گولڈسمتھ کی اہلیہ نے اِس تقریب کی ایک تصویر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شئیر کی۔

تاہم 16 ستمبر کی رات جمائما نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی شادی کی تقریب کی بہت سی تصاویر پوسٹ کر کے اپنے فالوورز کو اس تقریب کی ایک جھلک دکھائی ہے۔

انھوں نے لکھا کہ ’اِس دن کو ہم دونوں کے لیے خاص اور خوشگوار بنانے والے تمام لوگوں کا شکریہ۔‘

انھوں نے یہ بھی بتایا کہ اس تقریب کے دوران اُن کے اور کیمرون او رائلی کے بچوں سمیت خاندان کے افراد نے مختلف ذمہ داریاں سنبھالیں۔

جمائما نے ایونٹ پلانر، پھولوں کی آرائش کرنے والوں، ہیئر اور میک اپ ٹیم، کھانے کا انتظام کرنے والوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے اپنے شادی کے لباس کا کریڈٹ بھی معروف فیشن ہاؤس ’آسکر ڈی لا رینٹا‘ کو دیا۔

جمائما کے مطابق اس تقریب میں اُن کے شوہر کیمرون او ریلی کی بیٹیاں ساشا اور تارا دلہن کی ساتھیوں (برائیڈزمیڈ) میں شامل تھیں، جبکہ اُن کی سوتیلی بیٹی ٹیریئن وائٹ ’میڈ آف آنر‘ تھیں۔

جمائما کے بیٹے سلیمان خان اور قاسم خان انھیں شادی کی تقریب میں ساتھ لے کر آئے، جبکہ کیمرون کے بیٹے ایلیٹ اور آسکر نے اُن کے ’بیسٹ مین‘ تھے۔

جمائما اور کیمرون کی منگنی کی خبریں رواں برس کے آغاز میں سامنے آئی تھیں۔

62 سالہ کیمرون او رائلی آئرش نژاد آسٹریلوی سرمایہ کار ہیں اور بائیڑد کیپیٹل کے بانی ہیں۔

اس کمپنی کی ویب سائٹ پر کیمرون کا نام بطور چیئرمین درج ہے جس کے مطابق بائیرڈ کیپیٹل کا آغاز سنہ 2002 میں ہوا تھا۔

کمپنی کی ویب سائٹ کے مطابق کیمرون نے برطانیہ کی آکسفرڈ یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی اور فلسفہ، سیاست اور معاشیات میں آنرز کی ڈگری حاصل کی۔

کیمرون نے اپنے کریئر کا آغاز امریکہ میں نیو یارک میں گولڈ مین سیچس نامی کمپنی سے کیا تھا۔ اس کے بعد وہ اے پی این نیوز اینڈ میڈیا میں چیف ایگزیکٹیو افسر بھی رہ چکے ہیں۔

فنانشل ریویو کی ایک رپورٹ کے مطابق کیمرون کے والد ٹونی او رائلی آئرلینڈ کی ایک بڑی کاروباری شخصیت تھے جو ناصرف عالمی برانڈ ہینز کے چیف ایگزیکٹیو رہے بلکہ آئرلینڈ کے سب سے بڑے میڈیا گروپ انڈیپینڈینٹ نیوز اینڈ میڈیا کے مالک بھی تھے۔

بعد میں ٹونی نے آسٹریلیا میں بھی اخبارات کی چوتھی سب سے بڑی چین خریدی اور کیمرون، جو ٹونی کے سب سے بڑے بیٹے تھے، اس چین کے ڈائریکٹر رہے۔

فنانشل ریویو کی اس رپورٹ کے مطابق کیمرون کی دولت کا تخمینہ سنہ 1989 میں 95 ملین امریکی ڈالر تھا۔


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US